شریف فیملی کی سزا کے خلاف درخواست کی سماعت


لاہور: لاہور ہائیکورٹ نے نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر کی سزا کے خلاف درخواست پر عدالتی فیصلے کی کاپی ساتھ لگانے کی ہدایت کردی۔

لاہور ہائیکورٹ میں  سابق وزیراعظم  نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر کی سزا کے خلاف درخواست کی سماعت ہوئی، متفرق درخواست لائرز فاؤنڈیشن  فار جسٹس کی طرف سے اے کے ڈوگر ایڈووکیٹ نے دائر کی۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ قومی احتساب بیورو (نیب)  کا قانون اٹھارہویں ترمیم کے بعد ختم ہوچکا ہے اور ملک کے تین بار وزیراعظم  رہنے والے شخص کو اس قانون کے تحت سزا دی گئی جو ختم ہو چکا ہے۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن صفدر کو مردہ قانون کے تحت دی گئی غیر قانونی  سزا کو کالعدم قرار دیا جائے۔

عدالت نے احتساب عدالت کی جانب سے دی گئی سزا کی کاپی کو درخواست کے ساتھ  لگا کر جمع کرانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ دیکھنا پڑے گا کہ فیصلہ نیب آرڈیننس 1999 کے دائرہ کار میں آتا بھی ہے کہ نہیں۔

ایون فیلڈ ریفرنس میں مسلم لیگ نون کے قائد نواز شریف کو دس سال، مریم نواز کو سات سال اور کیپٹن محمد صفدر کو ایک سال قید با مشقت کی سزا سنائی گئی ہے جب کہ نواز شریف کے بیٹوں حسین اور حسن نواز کو اشتہاری قرار دیا گیا ہے۔


متعلقہ خبریں