عالمی برادری بھارتی مظالم کا نوٹس لے، دفتر خارجہ

پاکستان کی افغان صوبہ لوگر میں دہشت گردی کے واقعے کی مذمت

اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے عالمی برادری سے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کے مظالم کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

ہفتہ وار بریفنگ کے دوران انہوں نے کہا  کہ موجودہ دور میں بھارتی مظالم کی تاریخ میں کوئی مثال نہیں ملتی، بھارتی  مظالم  سے اقوام عالم  آگاہ  ہے، اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کمیشن نے بھی کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی رپورٹ جاری کی تھی۔

ڈاکٹر محمد فیصل نے آسیہ اندرابی کو تہاڑ جیل منتقل کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کشمیریوں کا مقدمہ ہر فورم پر لڑتے رہیں گے۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ آٹھ جولائی کو برہان وانی کی شہادت کو دو سال مکمل ہوگئے، ان دو سالوں میں بھارت نے بے پناہ مظالم ڈھائے مگر کشمیریوں نے ان  کا جرات سے مقابلہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ  پاکستان افغانستان میں مفاہمت اور امن کے لیے اقدامات کی حمایت کرتا ہے،  طالبان کو مذاکرات کی میز پر لانا سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے، انہوں نے بتایا کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان بات چیت جاری ہے، امید ہے کہ اس میں مثبت پیش رفت ہوگی۔


متعلقہ خبریں