میں اور بیٹے گرفتار ہوئے تو بیٹیاں قیادت کریں گی، شہباز

میں اور بیٹے گرفتار ہوئے تو بیٹیاں قیادت کریں گی، شہباز | urduhumnews.wpengine.com

لاہور: سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ جمعہ کے روز نوازشریف کے استقبال کے لیے خود نکلوں گا، اگر مجھے گرفتار یا نظر بند کیا گیا تو حمزہ شہباز ائیرپورٹ پر لیگی کارکنوں کی قیادت کرے گا۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نوازشریف کے خلاف کرپشن کا کوئی ثبوت نہیں ملا، کلثوم نواز زندگی اور موت کی کشمکش میں ہیں لیکن قوم کے لیے نوازشریف نے بیمار اہلیہ کو چھوڑ نے کا فیصلہ کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر حمزہ بھی گرفتار ہوا تو سلمان شہباز لیگی کارکنوں کی قیادت کرے گا اور اگر میرے بیٹے بھی گرفتار ہو گئے تو میری بیٹیاں لیگی کارکنوں کی قیادت کریں گی۔

انہوں نے کہا کہ مداخلت کی روایت کو ختم کرنے کا وقت آچکا ہے، بھارت میں آج تک مارشل لا کا سایہ نہیں آیا لیکن ہم نے30 سےزائد سال مارشل لا میں گزار دیے۔ ان کا کہنا تھا کہ نوازشریف اوران کی بیٹی نے109پیشیاں بھگتی ہیں۔

اس سے قبل خواجہ سعد رفیق اور دیگر رہنماؤں نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے نگراں وزیراعلی پنجاب پر الزام لگایا تھا کہ ان کے کہنے پر مسلم لیگ نون کے کارکنوں کی گرفتاریاں ہو رہی ہیں، انہوں نے کہا تھا کہ نون لیگ کے کارکن پرامن انداز میں اپنے قائد نوازشریف کا استقبال کریں گے۔


متعلقہ خبریں