شہبازشریف نے پارٹی کارکنوں کی گرفتاری کو غیرقانونی قرار دے دیا


لاہور : سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے لاہور اور پنجاب کے دیگر شہروں سے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں کی گرفتاریوں کو غیرقانونی قرار دیتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ انتظامیہ پی ایم ایل (ن) کو ٹارگٹ کرنے کی کوشش کررہی ہے۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی صدر شہباز شریف نے یہ بات نگراں وزیراعلیٰ پنجاب پروفیسر حسن عسکری کو لکھے گئے ایک خط میں کہی ہے۔

سابق وزیراعلیٰ پنجاب نے لکھے گئے خط میں مؤقف اختیارکیا ہے کہ پی ایم ایل (ن) کے کارکنوں کو گرفتار ی کے علاوہ جوڈیشیل ریمانڈ پر کوٹ لکھپت جیل بھی بھیج دیا گیا۔ انہوں نے دعویٰ کیا ہے کہ  اب تک ہمارے 169 کارکنوں کو کوٹ لکھپت جیل بھیجا جا چکا ہے۔

پی ایم ایل (ن) کے مرکزی صدر نے الزام عائد کیا ہے کہ الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق کی دھجیاں اڑائی جا رہی ہیں، ہمیں انتخابی مہم چلانے سے روکنے کے لیے منفی ہتھکنڈے استعمال کیے جا رہے ہیں اور الیکشن کو متنازع بنایا جا رہا ہے۔

پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صدر شہباز شریف نے نگراں وزیراعلیٰ پنجاب سے مطالبہ کیا ہے ہمارے کارکنوں کو فی الفور رہا کیا جائے۔

سابق وزیراعظم نواز شریف کے چھوٹے بھائی نے اپنے خط میں نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب پروفیسرحسن عسکری کو آگاہ کیا ہے کہ وہ یہ خط چیف الیکشن کمشنر اور چیف جسٹس سپریم کو رٹ آف پاکستان کو بھی بھیج رہے ہیں۔


متعلقہ خبریں