ڈاکو ؤ ں نے گیارہ افراد کو اغوا کر لیا : پولیس حدود پر لڑتی رہ گئی

رحیم یار خان: کچے کے علاقے میں ڈاکو پھرسرگرم، گیارہ افراد اغوا | urduhumnews.wpengine.com

رحیم یار خان : کچے کے علاقے میں ڈاکو پھرسرگرم ہوگئے ہیں ۔ جنوبی پنجاب میں چھوٹو گینگ کے بعد سکھانی گینگ اور لنڈ گینگ میدان میں آگئے ہیں، حسب معمول پولیس علاقہ مکینوں کو تحفظ فراہم کرنے کے بجائے روایتی بے حسی اور بے بسی کا مظاہرہ کررہی ہے۔

مقامی افراد کے مطابق ڈاکووں نے مسلم آباد سے اسلحے کے زور پر گیارہ افراد کو اغوا کرلیا ہے جن کے متعلق تاحال کچھ معلوم نہیں ہوسکا ہے کہ وہ کہاں اورکس حال میں ہیں۔

ہم نیوز کومتاثرہ علاقے کے مکینوں نے بتایا کہ  ڈاکو دس لاکھ روپے  مالیت کے  20 سے زائد قربانی کے جانور اور چار موٹر سائیکلیں بھی ہمراہ  لے گئے ہیں۔

متاثرین کا کہنا ہے کہ واقعہ صبح ساڑھے آٹھ بجے مسلم آباد پتن پر پیش آیا۔ مغویوں کا تعلق گولہ، بٹوانی اور چندیر برادریوں سے ہے

مغویان  میں لانچ کے دو ملاح غلام حیدر بٹوانی، عاشق حسین بٹوانی اور روجھان کے بیوپاری کوڑا چندیر، بشکیہ چندیر، خان محمد چندیر، حسن بخش چندیر اور دودا چندیر شامل ہیں۔

ڈاکوؤں نے روجھان میں منعقدہ شادی کی تقریب سے واپس آنے والےغلام مصطفی گولہ، طالب گولہ، شفیق گولہ، رفیق عرف ملاح کو بھی اغوا کرلیا ہے ۔

مقامی افراد کا کہنا ہے کہ  تھانہ آباد پور پولیس واقعہ کے تین گھنٹے بعد پہنچی اور پھر تھانوں کی حدود پر تنازعہ اس قدر شدت اختیارکرگیا کہ ابھی تک حل نہیں ہوسکا ہے ۔

تھانہ حدود کا مسئلہ حل نہ ہونے کی وجہ سے تاحال پولیس نے کوئی کارروائی نہیں کی ہے۔ اس صورتحال سے متاثرین کے اہل خانہ شدید اذیت میں مبتلا ہوگئے ہیں۔


متعلقہ خبریں