پانچ نوجوان مری کے برساتی نالے میں ڈوب گئے


مری: برساتی نالے کی بپھری لہریں دس موٹرسائیکل سواروں کو بہا لے گئیں، ڈوبنے والے پانچ  نوجوانوں کی لاشیں نکال لی گئی ہیں اور پانچ  کو زندہ بچا لیا گیا ہے۔

راولپنڈی سے موٹرسائیکلوں پر مری جانے والے دس نوجوان مری کے قریب ملاچھ  کے برساتی نالے میں نہاتے ہوئے پانی کے تیز بہاؤ کی زد میں آ گئے۔

ریسکیو 1122 کے ذرائع نے بتایا ہے کہ ملاچھ نالے پر یہ افسوسناک واقعہ رات گئے پیش آیا جب نوجوان نالے میں نہانے کے لیے اترے، یہ تمام افراد موٹر سائیکلوں پر سوار تھے۔

جاں بحق افراد کی لاشوں اور نالے سے زندہ نکلنے والے افراد کو تحصیل ہیڈکوارٹرز اسپتال مری منتقل کردیا گیا ہے۔

بعض اطلاعات کے مطابق نوجوان مری ، ملاچھ ایکسپریس وے کے ساتھ  اچانک برساتی نالے میں گرگئے تھے اور سیلابی ریلہ گرنے والوں کے موٹر سائیکلز بھی ساتھ بہا لے گیا تھا،  ریسکیو ذرائع کے مطابق پہاڑی علاقہ ہونے کی وجہ سے امدادی کاموں میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

حالیہ طوفانی بارشوں کے باعث مری کے نالوں میں طغیانی آئی ہوئی ہے لیکن مقامی انتظامیہ کی جانب سے شہریوں کو روکنے یا ان کی حفاظت کے لیے کوئی انتظام نہیں کیا گیا جس کی وجہ سے یہ افسوسناک حادثہ پیش آیا۔


متعلقہ خبریں