ملک بھر میں بارشوں کا سلسلہ جاری


اسلام آباد: راولپنڈی اسلام آباد کے جڑواں شہروں سمیت  پنجاب کے مختلف علاقوں میں رات بھر گرج چمک کے ساتھ بارش کا سلسلہ جاری رہا جبکہ محکمہ موسمیات نے جمعہ کو بھی ملک کے بیشتر حصوں میں  بارش جاری رہنے کی پیشگوئی کی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹے میں خیبرپختونخوا (کے پی)، فاٹا، اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، گوجرانوالہ، سرگودھا، کشمیر، ڈیرہ اسماعیل خان ( ڈی آئی خان )، ساہیوال اور ملتان سمیت دیگر اضلاع  میں بارش کا امکان ہے۔

جمعرات کے روز سے شروع ہونے والی بارشوں کا سلسلہ اتوار تک جاری رہے گا تاہم بلوچستان اور سندھ سمیت دیگر صوبوں میں موسم گرم  اور مرطوب رہے گا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران گوجرانوالہ، لاہور، راولپنڈی، اسلام آباد، مالاکنڈ، ہزارہ ڈویژن اور کشمیر میں کہیں کہیں جب کہ ژوب، پشاور ڈویژن اور گلگت بلتستان میں چند ایک مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔

اسلام آباد میں 73 ملی میٹر، سیالکوٹ 70 ملی میٹر، کامرہ 47 ملی میٹر، مری 43 ملی میٹر، راولپنڈی 39 ملی میٹر، منڈی بہاؤ الدین 34 ملی میٹر، لاہور 26 ملی میٹر،منگلا 14 ملی میٹر، جہلم 12 ملی میٹر، گجرات دس ملی میٹر، مالم جبہ 23 ملی میٹر، بالاکوٹ 16 ملی میٹر، مظفر آباد 23 ملی میٹر، راولاکوٹ 17 ملی میٹر، گڑھی دوپٹہ 15 ملی میٹر، زیارت تین ملی میٹر اور بارکھان میں دو ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

جمعرات کو جن علاقوں میں سب سے زیادہ گرمی ریکارڈ کی گئی ان میں سبی 49 ڈگری سینٹی گریڈ، نوکنڈی 45 ڈگری سینٹی گریڈ، چیلاس اور رحیم یار خان 44 ڈگری سینٹی گریڈ شامل ہیں۔

 


متعلقہ خبریں