تربیلہ، منگلا ڈیمز: پانی کی صورتحال میں بہتری


اسلام آباد: ملک بھر میں بارشوں کے بعد بھی پانی کا بحران جاری ہے اور ڈیموں میں پانی کی صورتحال معمول پر نہ آ سکی۔

چھ روز بعد تربیلا ڈیم میں پانی کی صورتحال کچھ  بہتر ہوتی نظر آ رہی ہے، ڈیم میں پانی کی آمد ایک لاکھ  78  ہزار 500 کیوسک تک پہنچ چکی ہے جب کہ اخراج ایک لاکھ  50 ہزار کیوسک ہے۔

تربیلا ڈیم میں پانی کا ڈیڈ لیول ایک ہزار 380 فٹ ہے اور ڈیم میں پانی کی انتہائی گنجائش ایک ہزار 397  فٹ ہے۔

منگلا ڈیم میں پانی کی صورتحال بہتر ہونے پر منگل سے پانی کا اخراج شروع  کردیا گیا تھا، اس وقت منگلا ڈیم میں پانی کی آمد بڑھ کر 45 ہزار کیوسک تک پہنچ گئی ہے جب کہ پانی کا اخراج بھی 45 ہزار کیوسک ہی ہے، منگل کو منگلا ڈیم میں پانی کی آمد 39 ہزار کیوسک اور اخراج 55 ہزار کیوسک تھا۔

چشمہ بیراج میں پانی کی آمد دو لاکھ پانچ ہزار 863 کیوسک ریکارڈ کی گئی ہے جب کہ پانی کا اخراج ایک لاکھ 80 ہزار کیوسک  ہے۔

تونسہ بیراج میں بھی پانی کی آمد ایک لاکھ 65 ہزار 700 کیوسک ریکارڈ کی گئی ہے اور پانی کا اخراج ایک لاکھ 58 ہزار دو کیوسک ہے۔

مجموعی طور پر ڈیموں میں پانی کی سطح میں اضافہ ہونا شروع ہو گیا ہے تاہم پانی میں اضافے کی رفتار اب بھی کم ہے۔

انڈس ریور سسٹم اتھارٹی ( ارسا ) کے مطابق ملک بھر میں پانی کی شدید کمی کی وجہ سے مسائل پیدا ہو رہے ہیں، ارسا کے مطابق گزشتہ سال جولائی میں پانی کا ذخیرہ سات ملین ایکڑ فٹ تھا تاہم رواں ماہ پانی کا ذخیرہ ایک ملین ایکڑ فٹ سے بھی کم رہ گیا ہے۔


متعلقہ خبریں