نواز اور مریم کی آمد: لاہور ایئرپورٹ رینجرز کے حوالے، نیب ٹیم تشکیل


لاہور: پاکستان مسلم لیگ نون کے قائد اور سابق وزیراعظم نوازشریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کی  گرفتاری کے لیے قومی احتساب بیورو کی ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے، پولیس اور دیگر تحقیقاتی اداروں کے افسر بھی نیب ٹیم کے ہمراہ ہوں گے۔

ذرائع کے مطابق نیب ٹیم  کی سربراہی ڈائریکٹر امجد علی اولکھ کریں گے، ٹیم میں نو افسران کا تعلق نیب سے ہے جبکہ باقی ارکان  کا تعلق محکمہ پولیس سے ہے، ڈائریکٹرجنرل نیب لاہور شہزاد سلیم تمام آپریشن کی نگرانی کریں گے۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ مریم نواز کی گرفتاری کے لیے دو خواتین افسر بھی ساتھ جائیں گی جبکہ نیب ہیڈکوارٹرز میں کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کے لیے اہلکاروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ نوازشریف اور مریم نواز کے طبی معائنے کے لیے میڈیکل بورڈ بھی تشکیل دے دیا گیا ہے، نیب کا خصوصی میڈیکل بورڈ  چھ بجے اڈیالہ جیل روانہ ہو گا۔

طبی معائنے کے بعد میڈیکل بورڈ اپنی رپورٹ نیب کو پیش کرے گا جس کے بعد نوازشریف اور مریم نواز کو جیل منتقل کر دیا جائے گا۔

دوسری جانب رینجرز نے لاہورایئرپورٹ کا کنٹرول سنبھال لیا ہے جبکہ ایئرپورٹ پر تعینات ملازمین کو موبائل فون استعمال سے روک دیا گیا ہے، ایئرپورٹ کے داخلی دروازے  پر ایدھی ایمبولینسز بھی پہنچ گئی ہیں۔


متعلقہ خبریں