بلاول بھٹو نے پی ایم ایل (ن) کی گرفتاریوں پر سوال اٹھا دیا


اسلام آباد : چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ احتساب عدالت سے سزا کے بعد قانونی طور پر نواز شریف کی گرفتاری قابل فہم ہے۔

سماجی رابطے کی ایپلی کیشن ٹوئٹ پر اپنے پیغام میں بلاول بھٹو نے سوال کیا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں اورکارکنوں کی گرفتاری کا آخر کیا جواز ہے؟

پی پی پی کے سربراہ نے پرامن احتجاج کو جمہوریت کی بنیاد قرار دیتے ہوئے استفسار کیا کہ لاہور میں آخر محاصرے کا ماحول کیوں ہے؟

سابق وزیراعظم نوازشریف اوران کی صاحبزادی مریم نواز کی پاکستان آمد کے موقع پر نگراں وفاقی و صوبائی حکومتوں کی جانب سے سخت اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔

حکومتوں و انتظامیہ کی جانب سے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ جانے والے راستوں پر رکاوٹیں کھڑی کی گئی ہیں، موٹروے اورنیشنل ہائی وے سمیت موبائل و انٹرنیٹ سروسز بھی عارضی طور پر معطل ہیں۔

لاہور کے تمام اہم و حساس مقامات پر سیکیورٹی کی بھاری نفری تعینات ہے جو چیکنگ کے عمل کو یقینی بنارہی ہے۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) اورپولیس کے درمیان متعدد مقامات پر تصادم ہونے کی بھی اطلاعات ملی ہیں جن میں پولیس اہلکاروں سمیت کئی افراد زخمی ہوچکے ہیں۔

 


متعلقہ خبریں