سانحہ مستونگ، بلوچستان حکومت کا سوگ، آرمی چیف کی مذمت


کوئٹہ: سانحہ مستونگ کے خلاف حکومت بلوچستان کی جانب سے دو روزہ سوگ کا اعلان کیا گیا ہے، شہر کی تمام سرکاری عمارتوں پر قومی پرچم سرنگوں رہے گا۔

بلوچستان حکومت کے اعلان کے بعد تمام سرکاری عمارتوں پر قومی پرچم دو روز تک سرنگوں رہیں گے تاہم تعلیم اور صحت سے متعلق تمام ادارے کھلے رہیں گے۔

مستونگ میں دھماکے کے بعد بلوچستان حکومت اور دیگر تنظیموں کی جانب سے دو اور تین روزہ سوگ کا اعلان کیا گیا، آج صوبے بھر میں سوگ منایا جارہا ہے جب کہ سبی، کوئٹہ سمیت صوبے بھر میں تمام کاروباری مراکز بند اور شٹر ڈاؤن ہڑتال جاری ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے مستونگ دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا ہے، انہوں نے کہا کہ جمہوری سرگرمی کو پٹری سے اتارنے کی دشمن قوتوں کی کوششیں کامیاب نہیں ہوں گی اور تمام پاکستانی متحد ہو کر ان قوتوں کو شکست دیں گے۔

پاکستان بار کونسل نے بھی سانحہ مستونگ اور بنوں کے خلاف دو روزہ سوگ کا اعلان کرتے ہوئے ان واقعات میں ملوث دہشت گردوں کو گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے 17 جولائی کو اپنا دورہ کوئٹہ ملتوی کردیا ہے، انہوں نے کوئٹہ میں جلسے سے خطاب کرنا تھا۔

گزشتہ روز مستونگ میں سابق وزیراعلیٰ بلوچستان اسلم رئیسانی کے بھائی سراج رئیسانی کے انتخابی جلسے پر خودکش حملہ ہوا جس میں وہ شہید ہو گئے، وزارت داخلہ بلوچستان نے دھماکے میں 128 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی ہے۔


متعلقہ خبریں