نواز شریف اور مریم کا آج سزا کے خلاف اپیل کا امکان

ایوان فیلڈ ریفرنس، نواز شریف، مریم، صفدر کی اپیل بھی سماعت کیلئے مقرر

راولپنڈی: سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ نون کے قائد نواز شریف، ان کی صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن (ر) صفدر کی جانب سے احتساب عدالت کے فیصلے کے خلاف آج اسلام آباد ہائیکورٹ میں اپیل دائر کرنے کا امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق اس سلسلے میں گزشتہ روز خواجہ حارث کی ابوظہبی میں نوازشریف سے ملاقات بھی ہوئی تھی، دونوں ایک ہی طیارے میں لاہور پہنچے تھے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ خواجہ حارث آج ہائیکورٹ میں درخواست دائر کریں گے، نوازشریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر نے وکالت نامے پر دستخط کر دیے ہیں۔

نوازشریف اور مریم نواز گزشتہ شب لندن سے لاہور آئے تھے جہاں انہیں گرفتار کر کے اڈیالہ جیل پہنچا دیا گیا تھا، کیپٹن (ر) صفدر پہلے سے گرفتار ہیں، تینوں قیدیوں کو جیل میں بی کلاس کی سہولتیں فراہم کی گئی ہیں۔

احتساب عدالت نے چھ جولائی کو ایون فیلڈ ریفرنس کیس میں نوازشریف کو گیارہ برس، مریم نواز کو سات اور کیپٹن (ر) صفدر کو ایک برس قید کی سزا سنائی تھی، یہ مقدمہ نو ماہ 20 روز تک جاری رہا۔

نوازشریف اور مریم نواز کے خلاف العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس اور فلیگ شپ ریفرنس میں ابھی مقدمات چل رہے ہیں، دس جولائی کو سپریم کورٹ نے احتساب عدالت کو ان مقدمات کے فیصلے کے لیے چھ ہفتے مزید دے دیے ہیں۔

 


متعلقہ خبریں