منی لانڈرنگ کیس: ایک اور بے نامی اکاؤنٹ پکڑا گیا


اسلام آباد: منی لانڈرنگ کیس میں اہم پیش رفت ہوئی ہے، وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کو ارم عقیل نامی خاتون کا ایک اور بے نامی اکاؤنٹ مل گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق ایف آئی اے نے ارم عقیل کے جس بے نامی اکاؤنٹ کا سراغ لگایا ہے اس میں ایک تعمیراتی گروپ نے ایک ارب 50 کروڑ روپے جمع کرائے تھے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اگلے چند روز میں منی لانڈرنگ کیس میں ایک اور ایف آئی آر درج کی جائے گی، یہ ایف آئی آر تعمیراتی گروپ کی ایک اہم شخصیت کے خلاف درج کئے جانے کا امکان ہے۔

منی لانڈرنگ کیس میں اب تک سات مختلف شخصیات کے 29 بینک اکاؤنٹس سامنے آ چکے ہیں، جبکہ متعدد افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کی جا چکی ہے، سابق صدر آصف علی زرداری کے قریبی ساتھی اور معروف بینکر حسین لوائی بھی اسی کیس میں گرفتار ہیں۔

سپریم کورٹ نے بھی منی لانڈرنگ کیس کا ازخود نوٹس لیا ہوا ہے، گزشتہ سماعت میں ایف آئی اے کے ڈائریکٹرجنرل بشیرمیمن نے تحقیقاتی رپورٹ سپریم کورٹ میں پیش کی تھی جس میں منی لانڈرنگ کے لیے جعلی بینک اکاونٹس کھولنے والوں کی تفصیلات شامل تھیں، رپورٹ میں ان 15 لوگوں اور کمپنیوں کے نام شامل تھے جنہوں نے جعلی اکاؤنٹس میں رقوم جمع کرائیں۔


متعلقہ خبریں