عدالتی وقت ختم: نواز اور مریم سزا کے خلاف اپیل دائر نہ کر سکے


اسلام آباد: ایون فیلڈ ریفرنس میں احتساب عدالت سے ملنے والی سزا کے خلاف اسلام آباد ہائیکورٹ میں مسلم لیگ نون کے رہنما اور سابق وزیراعظم نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کی اپیلیں دائر نہ ہو سکیں۔

موسم گرما میں عدالت کا وقت دن ایک بجے تک ہوتا ہے، اسلام آباد ہائیکورٹ میں عدالتی وقت ختم ہونے تک تینوں شخصیات کی اپیلیں دائر نہ ہو سکیں اس لیے یہ معاملہ پیر تک موخر ہو گیا ہے۔

نواز شریف اپنی صاحبزادی مریم نواز کے ہمراہ جمعہ کو لندن سے براستہ ابوظہبی لاہور پہنچے تھے جہاں نیب حکام نے انہیں گرفتار کر کے اڈیالہ منتقل کر دیا تھا، جیل میں انہیں بی کلاس کی سہولتیں فراہم کی گئی ہیں، کیپٹن (ر) صفدر نے چند روز قبل گرفتاری پیش کر دی تھی اور وہ بھی اڈیالہ جیل میں قید ہیں۔

اس سے قبل احتساب عدالت نے ایون فیلڈ ریفرنس میں تینوں ملزمان کو قید اور بھاری جرمانے کی سزا سنائی تھی جس کے خلاف آج اسلام آباد ہائیکورٹ میں اپیل دائر کی جانی تھی تاہم عدالتی وقت ختم ہو جانے کے باعث اب یہ اپیل پیر کو دائر کی جا سکیں گی۔

 

 


متعلقہ خبریں