انتخابات کا بائیکاٹ نہیں کریں گے، بلاول


پشاور: پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ہم انتخابات کا بائیکاٹ نہیں کریں گے، پیپلزپارٹی شفاف انتخابات کا انعقاد چاہتی ہے، ہم تمام مشکلات کے باوجود انتخابی مہم  جاری رکھیں گے۔

پشاور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں قبل ازوقت انتخابات دھاندلی ہو رہی ہے، ہمیں ہر جگہ انتخابی مہم سے روکا جا رہا ہے، ہمارے کارکنوں پر دوسری جماعتوں میں جانے کے لیے دباؤ ڈالا جا رہا ہے، لاہور سے میرے جہاز کو پشاور کے لیے اڑنے کی اجازت نہیں دی گئی۔

پیپلزپارٹی کے چیئرمین کا کہنا ہے کہ نگران حکومتوں کا رویہ جانبدارانہ ہے، انتخابی مہم میں یکساں مواقع نہ ملے تو انتخابات متنازع ہو جائیں گے، خیبرپختونخوا میں افسروں کے تبادلے درست نہیں کیے گئے۔

انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد نہیں ہوا جس کی وجہ سے دہشت گردی کے واقعات دوبارہ رونما ہو رہے ہیں، ان پر پوری قوم غم زدہ ہے، ایک نیا نیشنل ایکشن پلان بنانے کی ضرورت ہے۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ بلوچستان اور پشاور سانحے کے بعد انتخابی سرگرمیاں محدود کر دی ہیں، پشاور میں ہونے والے پاکستان پیپلزپارٹی کے جلسے کو بھی ملتوی کر دیا ہے، کارکنوں کو کہا ہے کہ جانوں کی حفاظت اولین ترجیح ہے۔

انہوں نے کہا کہ کہ ہارون بلور کی شہادت کے بعد اظہار یکجہتی کے طور پر جلسہ ملتوی کیا، مالاکنڈ جاؤں گا لیکن جلسہ نہیں کروں گا۔


متعلقہ خبریں