دہشت گرد حملوں کے خلاف وفاقی حکومت کا ایک روزہ سوگ کا اعلان


اسلام آباد: سانحہ مستونگ، پشاور اور بنوں کے خلاف وفاقی حکومت نے ایک روزہ سوگ کا اعلان کردیا ہے۔

وزارت داخلہ کے مطابق 15 جولائی کو ملک بھر میں یوم سوگ منایا جائے گا اور تمام اہم عمارتوں پر نصب قومی پرچم سرنگوں رہے گا۔

بلوچستان حکومت کی جانب سے مستونگ دھماکے کے خلاف دو روزہ سوگ کا اعلان کیا گیا تھا جس کی وجہ سے ہفتے اور اتوار کو قومی پرچم سرنگوں رہیں گے جب کہ بلوچستان میں تمام کاروباری مراکز بھی مکمل طور پر بند ہیں۔

پاکستان بار کونسل کی جانب سے سانحہ مستونگ اور بنوں کے خلاف دو روزہ سوگ کا اعلان کرتے ہوئے ان واقعات میں ملوث دہشت گردوں کو گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

پشاور دھماکے کے خلاف تمام سیاسی جماعتوں نے دو اور تین روزہ سوگ اور انتخابی سرگرمیاں معطل رکھنے کا اعلان کیا تھا۔

ملک بھر میں انتخابی سرگرمیوں کے دوران اچانک سے ہی دہشت گردی کی کارروائیوں میں اضافہ ہوگیا ہے، بلوچستان کے علاقے مستونگ میں جمعہ کو سابق وزیراعلیٰ بلوچستان اسلم رئیسانی کے چھوٹے بھائی اور صوبائی اسمبلی کے امیدوار سراج  رئیسانی کے انتخابی جلسے میں دھماکہ ہوا جس سے سراج رئیسانی سمیت 130 افراد جاں بحق اور 150 سے زائد زخمی ہوئے۔

بنوں میں 13 جولائی کو متحدہ مجلس عمل ( ایم ایم اے ) کے رہنما اور صوبائی اسمبلی کے امیدوار اکرم درانی کے قافلے پر بم حملے میں پانچ افراد جاں بحق اور متعدد زخمی  ہوگئے تھے تاہم اکرم درانی بم حملے میں محفوظ رہے۔

پشاور میں دس جولائی کو عوامی نیشنل پارٹی ( اے این پی ) کے رہنما ہارون بلور کے انتخابی جلسے میں دھماکہ ہوا جس کے صوبائی اسمبلی کے امیدوار ہارون بلور سمیت 20 افراد جاں بحق ہوگئے۔


متعلقہ خبریں