عمران خان کا لوٹی گئی دولت کے لیے برطانوی حکومت سے رابطے کامطالبہ


اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے  نگراں حکومت سے لوٹی گئی قومی دولت واپس لانے کے انتظامات کرنے اور برطانوی حکومت سے  فوری رابطے کا مطالبہ کیا ہے۔

پی ٹی آئی چیف  نے اسلام آباد میں سینیئر قانون دان  اور تحریک انصاف کے رہنما ڈاکٹر بابر اعوان سے ملاقات کی جس میں شریف خاندان کے خلاف احتساب عدالت کے فیصلوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، اس موقع پر عمران خان نے یہ مطالبہ بھی کیا کہ  شریف خاندان کے باقی تین مفرورں کو بھی پاکستان واپس لایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ احتساب عدالت کے فیصلے پر عمل درآمد قانون کی بالادستی ہے، عمران خان کا کہنا تھا کہ احتساب سب کا ہوگا، شہباز شریف کو بھی کٹہرے میں لائیں گے، انہوں نے بابراعوان کو شہباز شریف کے خلاف کیسز پر کام تیز کرنے کی ہدایت بھی کی۔

چیئرمین تحریک انصاف نے اپنے خلاف نیب کے جاری نوٹس کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ قانون کی حکمرانی پر یقین رکھتے ہیں، نوٹس کا جواب دیں گے۔

عمران خان نے اوورسیز پاکستانیوں کی جانب سے پر امن احتجاج کو خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ پاکستانیوں کی جانب سے جس شعور کا مظاہرہ کیا گیا وہ قابل تعریف ہے، تحریک انصاف اقتدار میں آئی تو اوورسیز پاکستانیوں کو ملکی سیاست میں فعال کردار ادا کرنے کا موقع دے گی۔


متعلقہ خبریں