ایم کیو ایم کو انتخابی مہم کی اجازت نہیں دی جا رہی، خالد مقبول


پشاور: متحدہ قومی موومنٹ کے کنوینر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ دہشت گردی ہے اور اسی وجہ سے گزشتہ انتخابات بھی آزاد نہ ہوسکے تھے۔

پشاور کے بلور ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو میں خالد مقبول صدیقی نے امید ظاہر کی کہ نگراں حکومت آزاد اور پرامن انتخابات کے لیے مؤثر اور ٹھوس اقدامات کرے گی۔

خالد مقبول صدیقی،  بیرسٹر سیف اور دیگر ارکان پر مشتمل ایم کیو ایم کیو پاکستان کا وفد بلور ہاؤس پہنچا تھا جہاں انہوں نے عوامی نیشنل پارٹی کے امیدوار اور سابق رکن قومی اسمبلی شہید بشیر احمد بلور کے صاحبزادے بیرسٹر ہارون بلور کی شہادت پر بلور خاندان سے اظہار تعزیت کیا اور فاتحہ خوانی کی۔

خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ کچھ سیاسی جماعتوں کو ہر چیز کی آزادی ہے لیکن ایم کیو ایم پاکستان کو آج بھی انتخابی مہم چلانے کی اجازت نہیں دی جا رہی، ایم کیو ایم کے بینرز اور جھنڈے اتارے جا رہے ہیں لیکن ایسے ہتھکنڈوں سے مقبول جماعتوں پر اثرانداز نہیں ہوا جا سکتا۔

انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان تمام سیاسی جماعتوں کےمینڈیٹ کا احترام کرے گی۔


متعلقہ خبریں