ہارون بلور سیکیورٹی واپس لینے سے شہید ہوا، غلام احمد بلور

ضمنی انتخاب، اے این پی کے غلام احمد بلور کا شکست تسلیم کرنے سے انکار

پشاور: عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر ریلوے غلام احمد بلور نے کہا ہے کہ ہارون بلور سیکیورٹی واپس لینے کی وجہ سے شہید ہوا، میرے بھتیجے پر حملہ طالبان نے ہی کیا لیکن اس سے فائدہ کسی اور کو ہوا ہے، ہمیں کچھ  لوگوں پر شک ہے اور ہم اس بارے میں معلومات حاصل کر رہے ہیں۔

میڈیا  سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ دانیال بلور نے خود اعلان کر دیا کہ اس کی والدہ انتخابات میں حصہ لیں گی، ہمیں کوئی اعتراض نہیں لیکن ابھی اس کا وقت نہیں، میں اپنے گھر کے کسی اور شخص کو مروانے کے لیے تیار نہیں، پی کے 78  سے اے این پی کے امیدوار کا فیصلہ حالات کے مطابق کیا جائے گا۔

غلام احمد بلور نے کہا کہ دھماکے کی جگہ چھ منٹ کی تاخیر سے پہنچا، اگر جلدی پہنچتا تو میں بھی دہشت گردوں کا نشانہ بن چکا ہوتا، اکرم درانی پر حملے کے بارے میں ایک دن پہلے علم ہو گیا تھا، سیاسی بصیرت کی وجہ سے ایسی باتیں معلوم  ہو جاتی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے کسی کو تعزیت کے لیے بلور ہاؤس آنے سے نہیں روکا، جھوٹوں کے سر پر سینگ ہوتے تو عمران خان کے سر پر ہوتے، سمجھ نہیں آتی کہ اے این پی کو کس لیے نشانہ بنایا جا رہا ہے۔


متعلقہ خبریں