اے این پی کے رہنما داؤد اچکزئی قاتلانہ حملے میں زخمی


چمن: بلوچستان اسمبلی کے حلقہ پی بی 21 سے عوامی نیشنل پارٹی (ای این پی) کے امیدوار زمرک اچکزئی کے مہمان خانے پر فائرنگ ہوئی ہے جس میں اے این پی کے مرکزی نائب صدر داؤد اچکزئی زخمی ہو گئے۔

فائرنگ کا واقعہ قلعہ عبداللہ کے علاقے پیر علیزئی میں پیش آیا، داؤد اچکزئی کے محافظوں کی جوابی فائرنگ میں حملہ آور فرار ہو گئے، لیویز حکام نے علاقے میں ناکہ بندی کر کے ملزمان کی تلاش شروع  کر دی ہے۔

داؤد اچکزئی کو بازو میں دو گولیاں لگیں، انہیں زخمی حالت میں قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے داؤد خان اچکزئی کو ٹیلی فون کر کے ان کی خیریت دریافت کی، انہوں نے کہا کہ دہشت گرد اور امن دشمن قوتیں کبھی کامیاب نہیں ہوں گی۔

چیئرمین سینیٹ نے ذمہ داروں کو جلد قانون کی گرفت میں لانے کی ہدایت کی ہے، انہوں نے داؤد اچکزئی کو طبی سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی۔

پچھلے چند روز سے انتخابی امیدواروں اور ان کے جلسوں پر دہشت گردوں کے حملوں میں اضافہ ہو گیا ہے، پشاور میں ہارون بلور پر خودکش حملہ کر کے انہیں شہید کر دیا گیا، بنوں میں اکرم درانی کے انتخابی قافلے میں دھماکہ ہوا جس میں وہ بال بال بچ گئے، سب سے اندوہناک واقعہ مستونگ میں پیش آیا جہاں صوبائی اسمبلی کے امیدوار نوابزادہ سراج رئیسانی سمیت  ڈیڑھ سو کے قریب افراد شہید ہوئے۔


متعلقہ خبریں