الیکشن 2018: انتخابی سامان ریٹرننگ افسروں کو بھجوا دیا گیا

الیکشن 2018: انتخابی سامان ریٹرننگ افسروں کو بھجوا دیا گیا|Hunnews.pk

اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے انتخابی سامان ریٹرننگ افسروں (آراوز) کو بھجوا دیا تاہم اس میں بیلٹ پیپرز شامل نہیں ہیں۔

ذرائع کے مطابق انتخابی سامان میں مجسٹریٹ کے اختیارات سے متعلق فارم، سرکاری کوڈ والی مہریں، پولنگ اسٹیشنز کے لیے پلے کارڈز، مہریں، خالی نیلے رنگ کے تھیلے، پولنگ عملے کا حلف نامہ، بال پوائنٹ، سفید کاغذ، کاربن پیپرز، پیپر پن کے پیکٹس، اسٹیل پنیں، ڈوری، گوند، موم بتی، ماچس، مارکرز اور بیلٹ باکس شامل ہیں جب کہ انمٹ سیاہی، اسٹیمپ پیڈ، بیلٹ پیپرز پر نشان لگانے والی نو خانوں والی مہریں بھی بھجوا دی گئیں ہیں۔

سامان میں انتخابی پولنگ عملے کے لیے بیجز، پلے کارڈز میں مردوں اور خواتین کے پولنگ بوتھ کی کارڈز بھیجے گئے ہیں۔ قومی اسمبلی کے بیلیٹ باکس پر سبز ڈھکن اور صوبائی اسمبلی کے بیلٹ باکس پر سفید ڈھکن ہو گا جو بھجوائے گئے سامان میں شامل ہے۔

اسی طرح ٹیمپر ایویڈنٹ بیگ، قومی اور صوبائی اسمبلی کے پولنگ وائز ووٹر فہرستیں بھی آر اوز کو بھجوا دی گئیں ہیں۔ الیکشن کمیشن نے پریذائڈنگ افسران کو ایک دن پہلے پولنگ کا سامان وصول کرنے کی ہدایت کی تھی۔


متعلقہ خبریں