فیفا کی فاتح اور رنراپ ٹیموں کا وطن پہنچنے پر شاندار استقبال

فیفا کی فاتح اور رنراپ ٹیموں کا وطن پہنچنے پر شاندار استقبال |humnews.pk

پیرس: فٹبال کے عالمی ٹورنامنٹ کے بعد فاتح  فرانس اور رنراپ کروشیا کی ٹیمیں اپنے اپنے وطن واپس پہنچ گئی ہیں۔

ہم نیوز کے مطابق فیفا ورلڈ کی فاتح فرانسیسی ٹیم کو لینے جانے والا طیارہ فرانس کے ائیرپورٹ پر لینڈ کرچکا ہے جب کہ فرانسیسی صدر نے قومی فٹ بال ٹیم کو شاندار فتح پر ملک کا سب سے بڑا ایوارڈ ” Legion of honour ”دینے کا اعلان کیا ہے۔

دوسری جانب طویل عرصے بعد فائنل میں پہنچنے والی کروشیا کی ٹیم کا وطن واپسی پر شاندار استقبال کیا جارہا ہے۔

لوگوں کی بڑی تعداد کھلاڑیوں کے استقبال کے لیے سڑکوں پر نکل آئی۔ اپنی فٹ بال ٹیم کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے عوام کی اکثریت نے قومی ٹیم کی شرٹس پہن رکھی تھیں۔

کروشین ٹیم کے کھلاڑی بس کی چھت پر سوار تھے۔ شائقین اور کھلاڑیوں نے قومی جھنڈے بھی اٹھا رکھے تھے۔

فیفا ورلڈ کپ 2018 کے فائنل میں فرانس نے کروشیا کو4-2 سے شکست دے کر دوسری بار عالمی چیمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کیا ہے۔

فرانس کی ورلڈ کپ میں کامیابی کے بعد سوشل میڈیا پر دلچسپ تبصرے بھی دیکھنے میں آئے ہیں۔

متعدد صارفین کا کہنا تھا کہ تارکین وطن کے مخالف فرانسیسی صدر کو سوچنا چاہئے کہ ترک وطن کھلاڑیوں نے ہی انہیں عالمی کپ میں کامیابی دلائی ہے۔


متعلقہ خبریں