العزیزیہ اور فلیگ شپ ریفرنسز : جج نے سماعت سے معذرت کرلی

العزیزیہ اور فلیگ شپ ریفرنسز، جج کی سماعت سے معذرت |humnews.pk

اسلام آباد: احتساب عدالت کے جج نے نواز شریف کے خلاف دیگر دو ریفرنسز کی سماعت سے معذرت کرلی ہے۔

ذرائع اسلام آباد ہائی کورٹ کے مطابق احتساب عدالت کے جج محمد بشیرکی معذرت کا خط اسلام آباد ہائی کورٹ کو موصول ہوا ہے۔

خط کے متن کے مطابق جج کی جانب سے درخواست کی گئی ہے کہ العزیزیہ اور فلیگ شپ ریفرنسز کو دوسری عدالت میں منتقل کردیا جائے کیوں کہ وہ ایون فیلڈ ریفرنس کا فیصلہ کرچکے ہیں لیکن مذکورہ دونوں ریفرنسز کی سماعت نہیں کرسکتے ہیں۔

خط میں  لکھا گیا ہے کہ نواز شریف کے وکیل کی جانب سے بھی مجھ پراعتراض کیا جاچکا ہے اسی لیے اگر چاہیں تو مجھے ٹرانسفر کردیں۔

سابق وزیراعظم نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز ایوان فیلڈ (لندن فلیٹس)  ریفرنس کیس میں سزا سنائے جانے کے بعد حراست میں لیے جاچکے ہیں۔  نواز شریف کے خلاف کرپشن کے مزید مقدمات کے فیصلے آنا ابھی باقی ہیں۔

احتساب عدالت نے ایون فیلڈ ریفرنس کا فیصلہ سناتے ہوئے سابق وزیراعظم  نواز شریف کو دس سال قید 80 لاکھ پاؤنڈ جرمانہ اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کو سات سال قید 20 لاکھ پاؤنڈ جرمانہ کی سزا سنائی ہے۔

احتساب عدالت نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے تاحیات قائد میاں نواز شریف کے داماد کیپٹن (ر) صفدر کو بھی ایک برس قید کی سزا سنائی گئی ہے۔


متعلقہ خبریں