مختلف علاقوں میں بارش، بادلوں اور سورج کی آنکھ مچولی جاری


اسلام آباد:  راولپنڈی اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا جب کہ محکمہ موسمیات نے اگلے 24 گھنٹوں میں پنجاب اور بالائی علاقوں میں مزید بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔

بالائی پنجاب اور خیبرپختونخوا ( کے پی ) کے مختلف علاقوں میں پیر کی شب اور منگل کی صبح گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی جس سے حبس اور گرمی کی شدت میں کمی ہوگئی۔

محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں بارش کی پیشگوئی کی ہے، اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، گوجرانوالہ، سرگودھا، ملتان، ڈیرہ غازی خان، فیصل آباد، پشاور، مردان، کوہاٹ، بہاولپور، بنوں، قلات، ژوب اور گلگت بلتستان سمیت مختلف شہروں میں بارش کا امکان ہے۔

ملک کے کئی شہروں میں بادلوں اور سورج کے درمیان آنکھ مچولی کا سلسلہ جاری ہے جب کہ مختلف شہروں میں وقفے وقفے سے بارش ہو رہی ہے۔

منگل کے روز سب سے زیادہ بارش رسالپور میں 95 ملی میٹر اور اسلام آباد میں 54 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی جب کہ کامرہ میں 53 ملی میٹر، کوہاٹ 31 ملی میٹر، فیصل آباد 43 ملی میٹر، سیالکوٹ 24 ملی میٹر، شورکوٹ 23 ملی میٹر، جہلم 17 ملی میٹر، بھکر 12 ملی میٹر، گجرات چھ ملی میٹر، پاراچنار آٹھ ملی میٹر، پشاور پانچ ملی میٹر، ڈی جی خان تین ملی میٹر، سرگودھا دو ملی میٹر، ٹنڈوجام پانچ  ملی میٹر،  خضدار دس ملی میٹر اور مٹھی میں گیارہ ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ملک میں پیر کو سب سے زیادہ گرمی بلوچستان کے علاقوں دالبندین اور نوکنڈی میں پڑی جہاں درجہ حرارت 47 ڈگری سینٹی گریڈ  ریکارڈ کیا گیا جبکہ چیلاس میں درجہ حرارت 44  اور سبی  اور تربت میں 43 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔


متعلقہ خبریں