گورنر اسٹیٹ بینک کی تقرری قانونی قرار


اسلام آباد: اسلام آباد ہائیکورٹ نے گورنر اسٹیٹ بینک طارق باجوہ کی تقرری کے خلاف درخواست مسترد کرتے ہوئے اسے قانون کے مطابق قرار دے دیا ہے۔

پاکستان پیپلزپارٹی اور پاکستان تحریک انصاف کے 22 سینیٹرز نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی تھی جس میں گورنر اسٹیٹ بینک کی تقرری کو چیلنج کرتے ہوئے انہیں عہدے سے ہٹانے کی استدعا کی گئی تھی۔

عدالت نے درخواست مسترد کرتے ہوئے گورنر اسٹیٹ بینک کی تقرری قانون کے مطابق قرار دے دی ہے، اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگ زیب نے فیصلہ سنایا۔

گزشتہ برس اکتوبر میں گورنر اسٹیٹ بینک طارق باجوہ کی تقرری اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کی گئی تھی، درخواست میں کہا گیا تھا کہ ان کی تقرری میں قواعد و ضوابط کو نظر انداز کیا گیا ہے اور آئین کے آرٹیکل چار اور 25 کی خلاف ورزی کی گئی ہے، اس لیے انہیں اس عہدے سے ہٹایا جائے۔

طارق باجوہ سابق چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو بھی رہے ہیں، انہیں سات جولائی 2017  کو تین برس کے لیے اسٹیٹ بینک کا گورنر مقرر کیا گیا تھا۔


متعلقہ خبریں