سپریم کورٹ کی اقلیتوں کے حقوق پر عملدرآمد کی یقین دہانی

دوبارہ الیکشن: پی ٹی آئی رہنما کی درخواست مسترد | urduhumnews.wpengine.com

اسلام آباد: سپریم کورٹ نے جلد اقلیتوں کے حقوق پر عملدرآمد کرانے کی یقین دہانی کرا دی ہے، جسٹس عظمت سعید نے کہا ہے کہ کوئی یہ نہ سمجھے کہ ہم کیس کو ایسے ہی چھوڑ دیں گے۔

اقلیتوں کے بنیادی حقوق سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران سپریم کورٹ نے صوبائی حکومت کی رپورٹ پر درخواست گزار کو تحریری مؤقف دینے کی ہدایت کر دی ہے۔

جسٹس عظمت سعید نے ریمارکس دیے کہ عدالت اقلیتوں کو بنیادی حقوق کی فراہمی کا حکم دے چکی ہے اور عدالت اپنے احکامات پر آنکھیں بند نہیں کرسکتی، جلد اقلیتوں کے حقوق پر عمل درآمد کرائیں گے۔

صوبائی ایڈووکیٹ جنرلز نے عدالت کو آگاہ کیا کہ اقلیتوں کی عبادت گاہوں کی سیکیورٹی بڑھا دی گئی ہے۔

جسٹس عظمت سعید نے کہا کہ عدالتی حکم میں دی گئی ہر ہدایت پر عمل درآمد کا جائزہ لیں گے اور کوئی یہ نہ سمجھے کہ ہم کیس کو ایسے ہی چھوڑ دیں گے۔

عدالت نے کیس کی سماعت تین ہفتوں کے لیے ملتوی کردی۔

مسلم لیگ نون کے سابق رکن قومی اسمبلی رمیش کمار کی طرف سے توجہ دلائے جانے  پر سپریم کورٹ نے 2014 میں اقلیتوں کے بنیادی حقوق سے متعلق معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے گزشتہ سال  پانچ  دسمبر کو وفاق اور صوبوں کو اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کا حکم جاری کیا تھا۔


متعلقہ خبریں