نوازشریف سے محبت دہشت گردی ہے تو سو بار کریں گے، شہباز شریف

اگرنوازشریف سے محبت کرنا دہشت گردی ہے تو ہم سو بار کریں گے، شہباز شریف | urduhumnews.wpengine.com

علی پورچٹھہ: پاکستان مسلم لیگ(ن) کے مرکزی صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ  اگر سابق وزیراعظم نوازشریف سے محبت کرنا دہشت گردی ہے تو ہم  سو بار کریں گے۔

انتخابی جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئےسابق وزیراعلیٰ پنجاب  شہباز شریف نے شرکا سے استفسار کیا کہ سوچو اگر کسی بیٹی کے سامنے اس کے باپ کو اور باپ کے سامنے بیٹی کو گرفتار کیا جائے تو ان پر کیا گزرتی ہے؟

انہوں نے دعویٰ کیا کہ کسی نے کبھی نا دیکھا ہوگا کہ ایک باپ کے سامنے اس کی بیٹی کو گرفتار کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ نوازشریف اپنی ذات کے لیے نہیں پاکستان کے لیے واپس آئے ہیں۔ انہوں نے کہا سابق وزیراعظم کو اس کیس میں گرفتار کیا گیا جس میں جج خود کہتا ہے کہ نواز شریف پر کوئی کرپشن ثابت نہیں ہوئی۔

پی ایم ایل (ن) کے مرکزی صدر شہبازشریف نے کہا کہ نواز شریف جانتا تھا کہ اس کو بیٹی کے ساتھ اڈیالہ جیل میں ڈالا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے بھارت کے پانچ دھماکوں کے مقابلے میں چھ ایٹمی دھماکے کیے۔

انہوں نے کہا کہ اس نواز شریف کو گرفتار کیا گیا ہے جس نے پاکستان سے اندھیرے ختم کیے۔ انہوں نے کہا کہ 13 جولائی پاکستان کی تاریخ کا سیاہ ترین دن تھا کہ ہم نے گملا بھی نہیں توڑا اور ہمارے خلاف دہشت گردی کے مقدمات بنا دیے گئے۔

سابق وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ  نگراں حکومت کے پاس کوئی کام نہیں ہے اور وہ ہمارے کارکنوں کو جیلوں میں ڈال رہی ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ آج پنجاب کی نگراں حکومت صرف ن لیگ کے کارکنوں کے خلاف پرچے کاٹ رہی ہے۔

سابق وزیراعظم نواز شریف کے چھوٹے بھائی نے الزام لگایا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کٹھ پتلی بنا ہوا ہے اورخاموش بیٹھا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 20 ،20 گھنٹے بجلی جاتی تھی اور واپس نہیں آتی تھی۔ سابقہ حکومتی کارکردگی کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی قیادت میں موٹرویز کا جال بچھایا گیا اور کسانوں کو قرضے دیے گئے۔

پنجاب کے طویل عرصے تک وزیراعلیٰ رہنے والے شہباز شریف نے دعویٰ کیا کہ میں نے پورے پنجاب کے لیے اپنا خون اور پسینہ بہایا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اربوں روپے لوٹنے والے آج کیک اور پیسٹریاں کھا رہے ہیں۔

سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے سیاسی مخالف عمران خان پر شدید تنقید کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ عمران خان، بہتان خان، جھوٹے خان اور نیازی خان نے کے پی کا بیڑہ غرق کر دیا۔

شرکائے جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی صدرنے کہا کہ 25 جولائی کا دن آئے تو آپ نے شیر پر مہر لگا کر انصاف اور خوشحالی کے دور کو واپس لائیں۔


متعلقہ خبریں