راولپنڈی میں موسلادھار بارش، رین ایمرجنسی نافذ، موٹر وے بند


اسلام آباد: بدھ کی صبح راولپنڈی  میں طوفانی بارش کے بعد ’رین ایمرجنسی‘ کا اعلان کر دیا گیا،  نالہ لئی میں گوالمنڈی کے مقام پر پانی کی سطح بتدریج بلند ہونے لگی اور پانی کا بہاؤ ساڑھے چار فٹ تک پہنچ گیا، واسا نے فوری طور پر شہر سے نکاسی آب کا کام شروع  کردیا اور چند گھنٹوں بعد صورتحال معمول پر آ گئی تاہم محکمہ موسمیات نے مزید بارش کی پیشگوئی بھی کر دی ہے۔

موسلادھار بارش کے باعث  برہان حسن ابدال سے راولپنڈی تک موٹر وے ایم ون  بند کر دی گئی، موٹر وے پولیس کے مطابق حسن ابدال موٹر وے سنگجانی کے قریب بارش کا پانی جمع ہونے کے باعث بند کی گئی، پولیس اور نیشنل ہائی ویز اتھارٹی (این ایچ اے) کی مشینری پانی نکالنے میں مصروف ہے۔

ملک کے بیشتر علاقوں میں مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، ملک کے بالائی علاقوں، خیبرپختونخوا کے مختلف حصوں اور اسلام آباد راولپنڈی سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بدھ کی صبح  موسلادھار بارش ہوئی جب کہ لاہور اور کراچی سمیت سندھ  کے دیگر حصوں میں بوندا باندی کی اطلاعات ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بدھ  کی شام اور رات  میں بھی ملک کے بیشتر شہروں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، یہ سلسلہ اتوار تک جاری رہے گا۔

بدھ کی صبح راولپنڈی اور اسلام آباد میں سب سے زیادہ 60 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، راولپنڈی کے نالہ لئی میں گوالمنڈی کے مقام پر پانی کا بہاؤ ساڑھے چار فٹ تک پہنچ گیا،  واسا کی ٹیموں نے شہر میں کھڑے ہونے والے پانی کو نکالنے کے لیے فوری طور پر نکاسی کا کام شروع کر دیا۔

راولپنڈی واسا کے ترجمان عمر فاروق نے ہم نیوز کو بتایا  کہ شہر کے ہر سیکٹر میں عملے کے پاس مکمل مشینری موجود ہے، شہر کے زیادہ  ترعلاقے کلیئر کیے جا چکے ہیں، نالہ لئی کی صفائی 15 جون کو شروع کر دی  گئی تھی جب کہ باقی نالوں پر ویسٹ مینجمنٹ کام  کر رہی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد اور راولپنڈی کے علاوہ  ہزارہ ڈویژن، گوجرانوالہ، فیصل آباد، سرگودھا، ڈیرہ غازی خان ڈویژن اور کشمیر میں کہیں کہیں جب کہ پشاور، شہید بے نظیر آباد  ڈویژن اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔

گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران  ٹوبہ ٹیک سنگھ میں 49 ملی میٹر، مظفر آباد 47 ملی میٹر، شور کوٹ 41 ملی میٹر،  منڈی بہاؤ الدین 33 ملی میٹر، بالاکوٹ 25 ملی میٹر، میانوالی 22 ملی میٹر، جہلم 17 ملی میٹر، پاراچنار، راولاکوٹ، فیصل آباد 13 ملی میٹر، بھکر 12 ملی میٹر، سرگودھا سات ملی میٹر، گجرات چھ ملی میٹر، بگروٹ پانچ ملی میٹر، جوہر آباد چار ملی میٹر، ڈی جی خان، چراٹ میں تین ملی میٹر اور مری، کامرہ، کوٹ ادو میں ایک ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

منگل کو سب سے زیادہ گرمی بلوچستان کے شہر نوکنڈی میں پڑی جہاں درجہ حرارت 47 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ دالبندین میں درجہ حرارت 46 ڈگری سینٹی گریڈ اور دادو میں 43 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔


متعلقہ خبریں