امریکی انتخابات میں روسی مداخلت پر صدر ٹرمپ کا یوٹرن


نیویارک: امریکی صدر ڈونلڈ  ٹرمپ نے امریکی صدارتی انتخابات میں روسی مداخلت کی تحقیقات کے معاملے پر یوٹرن لے لیا ہے۔

وائٹ ہاؤس سے جاری ہونے والے  بیان میں انہوں نے کہا کہ امریکی صدارتی انتخابات میں روس نے مداخلت کی تھی، روسی مداخلت پر امریکی خفیہ اداروں کی رپورٹ تسلیم کرتا ہوں کیونکہ مجھے اپنے اداروں پر مکمل اعتماد ہے۔

انہوں نے کہا کہ روسی صدر ولادی میر پیوٹن کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران وہ کہنا چاہتے تھے کہ روس کے امریکی انتخابات میں مداخلت نہ کرنے کی کوئی وجہ نہیں تھی۔

منگل کو صدر ٹرمپ نے روسی صدر کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران امریکی صدارتی انتخابات میں روسی مداخلت کے الزامات کو مسترد کر دیا تھا جس کی وجہ سے ان پر شدید تنقید ہو رہی تھی، انہوں نے کہا تھا کہ خفیہ اداروں کی رپورٹس پر روسی مداخلت کی تحقیقات کرنا ان کے ملک کی حماقت ہے۔

صدر ٹرمپ نے اس پریس کانفرنس کے بعد نصف درجن کے قریب ٹویٹس کیں اور دو ٹیلی ویژن انٹرویوز بھی دیے لیکن امریکی صدارتی انتخابات میں روسی مداخلت کی تحقیقات کے خلاف اپنے بیان پر قائم رہے، اب ان کے ناقدین ان سے اس بات کی وضاحت طلب کر رہے ہیں کہ اپنی بات سے ہٹنے میں انہیں 27 گھنٹے کیوں لگے۔


متعلقہ خبریں