زرداری اور فریال تالپور کا نام ای سی ایل سے خارج


اسلام آباد: منی لانڈرنگ کیس میں پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین آصف علی زرداری  اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) سے نکال دیا گیا ہے، وزارت داخلہ کے حکم پر وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے دونوں کے نام ای سی ایل سے خارج کر دیے ہیں۔

وزارت داخلہ نے منی لانڈرنگ کے مقدمے میں پاکستان کے سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری اور ان کی بہن فریال تالپور سمیت سات افراد کے نام ’اسٹاپ لسٹ‘ اور بعد ازاں ای سی ایل میں ڈالے تھے۔

ان کے نام  آصف علی زرداری کے قریبی دوست اور معروف بینکار حسین لوائی کے خلاف درج ہونے والے منی لانڈرنگ  کے مقدمے میں ہونے والی ابتدائی تفتیش کی بنا پر ڈالے گئے، منی لانڈرنگ کیس میں حسین لوائی کو ایف آئی اے نے گرفتار کیا تھا۔

ایف آئی اے کے ذرائع کا کہنا ہے کہ منی لانڈرنگ کیس میں اب تک سات مختلف شخصیات کے 29  بینک اکاؤنٹس سامنے آ چکے ہیں جن میں سے کئی افراد کے خلاف مقدمہ بھی درج کر لیا گیا ہے۔

دیگر افراد میں نصیر عبداللہ، آصف علی زرداری کے قریبی ساتھی انور مجید اور مصطفیٰ ذوالقرنین شامل ہیں۔

ایف آئی اے کے سربراہ بشیر میمن نے اس مقدمے کی تفتیش میں ہونے والی پیش رفت کے بارے میں چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں قائم سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ کو آگاہ کیا تھا۔

چند روز قبل مبینہ جعلی اکاؤنٹس کیس میں سپریم کورٹ نے ایف آئی اے کو حکم دیا تھا کہ آصف زرداری اور فریال تالپور کو انتخابات تک طلب نہ کیا جائے، چیف جسٹس پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے کہا تھا کہ عدالت عظمیٰ نے آصف زرداری اور فریال تالپور کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کا کوئی حکم نہیں دیا۔


متعلقہ خبریں