اسلام آباد اتوار بازار میں آتشزدگی، 100 سے زائد اسٹال جل گئے


اسلام آباد:  پشاور موڑ پر سیکٹر جی نائن میں واقع وفاقی دارالحکومت کے سب سے بڑے ہقتہ وار بازار میں ایک  بار پھر آگ بھڑک اٹھی جس سے 100 سے زائد اسٹال جل کر خاکستر ہو گئے، فائربریگیڈ کی 22 اور پاک بحریہ کی دو گاڑیوں نے کئی گھنٹوں کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پا لیا۔

اسسٹنٹ ڈائریکٹر اتوار بازار راجہ عابد کا کہنا ہے کہ اتوار بازار میں کل 2750 اسٹال ہیں، آگ ای سیکشن میں لنڈے کے اسٹالوں میں لگی، آگ پر قابو پانے کے بعد کولنگ کا عمل جاری ہے، انہوں نے بتایا کہ گزشتہ سال 500 اسٹالز میں آگ لگی تھی، اس بار نقصانات کا جائزہ لیا جا رہا ہے، کچھ کہنا قبل از وقت ہے۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل کیپٹن (ر) شعیب کے علاوہ انتظامیہ اور پولیس کے افسران جائے وقوعہ پر پہنچے، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی شواہد کے مطابق آگ یو پی ایس کے شارٹ سرکٹ سے لگی۔

اس موقع پر اتوار بازار کے متاثرین، پولیس اور انتظامیہ کے درمیان دھکم پیل بھی ہوئی، متاثرین کا کہنا تھا کہ انتظامیہ کی لاپرواہی کی وجہ سے ان کا نقصان ہوا ہے۔

ڈپٹی میئر اسلام آباد ذیشان نقوی نے کہا ہے کہ واقعے کی تحقیقات کے لیے ایک ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے، انہوں نے کہا کہ واقعہ میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔


متعلقہ خبریں