گلیات میں انڈسٹری لگا نے کا دعویٰ جھوٹ ہے، عمران خان

گلیات میں انڈسٹری لگانے کا دعویٰ جھوٹ بولنے کے مترادف ہے، عمران خان |humnews.pk

نتھیاگلی: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے مطابق گلیات میں انڈسٹری لگانے کا دعویٰ جھوٹ بولنے کے مترادف ہے، اگر کوئی کہے کہ پہاڑی علاقے میں صنعتیں لگاؤں گا تو وہ جھوٹ بول رہا ہے۔

نتھیا گلی میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ علاقے میں جو خوبصورتی ہے وہ سوئٹزرلینڈ میں بھی نہیں ہے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ ہرعلاقے کی کوئی نہ کوئی طاقت اور کمزوری ہوتی ہے، نتھیاگلی کی قوت اس کی خوبصورتی ہے، اسی وجہ سے ہر سال گرمیوں میں سیاح گلیات کا رخ کرتے ہیں۔

پی ٹی آئی کے سربراہ نے کہا کہ پاکستان میں نوجوانوں کی تعداد بہت زیادہ ہے، اگر ہماری حکومت آئی تو یہاں کے نوجوانوں کو سیاحت کی ٹریننگ دیں گے پھر یہاں کے لوگوں کو روزگار کے لیے باہر نہیں جانا پڑے گا۔

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا کہ اگر اللہ نے ہمیں پاکستانی عوام کی خدمت کرنے کا موقع دیا تو پاکستان میں ٹوورازم کو فروغ دیں گے۔ برسراقتدار آئے تو ہر سال چار نئے تفریحی مقامات بنائیں گے جس سے ملک میں پیسہ آئے گا اور ترقی ہو گی۔

دریں اثناء بدھ  کو جہلم میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ دس برسوں میں ملکی قرضے چھ ارب سے بڑھ کر27 ارب ہوگئے ہیں، کرپٹ آدمی کرپشن ختم نہیں کرسکتا۔

پی ٹی آئی سربراہ کا کہنا تھا کہ اقتدار کا موقع ملا تو ٹیکس کی شرح میں کمی لائیں گے۔ پیپلزپارٹی اور ن لیگ کی کرپشن سےملک مقروض ہو گیا ہے جس کا بوجھ مہنگائی کے ذریعے عوام پر ڈال دیا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک سےکرپشن کا خاتمہ کر کے آمدن بڑھائیں گے۔


متعلقہ خبریں