نوازشریف کو زمین پر سلانے سے فرق نہیں پڑے گا،مریم اورنگزیب


لاہور: پاکستان مسلم لیگ(ن) کی مرکزی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ نوازشریف کو زمین پر سلانے سے ’ ووٹ کو عزت دو‘ کی تحریک کو کوئی فرق نہیں پڑے گا۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے  ہوئے سابق وفاقی  وزیر اطلاعات و نشریات نے کہا کہ 13 جولائی کو جو اپنی بیٹی کے ساتھ گرفتاری دینےآیا، ائیرپورٹ پر اس کی کردار کشی کرنے کی کوشش کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ ردعمل رکنے والا نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو تضحیک آمیز سلوک تین مرتبہ وزیر اعظم رہنے والے نواز شریف اور ان کی صاحبزادی کے ساتھ کیا گیا اس سے ملک کی بدنامی ہوئی۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ پانامہ کیس میں نوازشریف کا نام ہی نہیں تھا۔ انہوں نے کہا کہ دس جلدوں پر فیصلہ آیا، ثبوتوں کے صندوق آئے اور 109 پیشیاں ہوئیں مگر کرپشن ثابت نہیں ہوسکی لیکن نوازشریف اور مریم نواز کو سزا دے دی گئی۔

مسلم لیگ ن کی مرکزی ترجمان نے کہا کہ  ایون فیلڈ (لندن فلیٹس)  فلیٹس سے نوازشریف کا کوئی تعلق ظاہر نہیں ہوا مگر معاونت کرنے پر بیٹی کو سات سال کی سزا سنائی گئی۔ انہوں نے کہا جائیداد اور پیسے کا تعین بھی  نہیں کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ جن لوگوں نے احتساب کمیشن کو تالہ لگایا، گالیاں دیں اور دھرنے دیے انہیں اجازت دے دی گئی۔ پی ایم ایل (ن) کی رہنما نے کہا کہ لاڈ لے کو سات اگست تک نیب کورٹ سے استثنیٰ مل گیا۔

سابق وفاقی وزیر مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ (ن) لیگ کے امیدواروں کے خلاف مقدمات بنائے جارہے ہیں اوران کی روز طلبی بھی ہورہی ہے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ 25 جولائی کو جب ووٹرز شیر کو جتوائیں گے تو پی ایم ایل (ن) کے تاحیات قائد نوازشریف سرخروہوں گے۔


متعلقہ خبریں