پاکستان ورلڈ جونیئر اسکواش چیمپئن شپ میں اعزاز کا دفاع کرے گا


نئی دہلی: ورلڈ جونیئر اسکواش چیمپئن شپ کا آج سے بھارت کے شہرچنئی میں آغاز ہوگیا۔ پاکستانی ٹیم اپنے اعزاز کا دفاع کرے گی۔

میگا ایونٹ کا آغاز شاندار افتتاحی تقریب سے کیا گیا جس میں مقامی فنکاروں اور دیگر شخصیات نے شرکت کی۔

ٹورنامنٹ میں 28 ممالک کے 171 کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں۔ ایونٹ میں پاکستان کی چھ رکنی ٹیم حصہ لے گی۔

پاکستان نے 2016 میں ورلڈ جونیئر اسکواش چیمپئن شپ میں مصر کو ہرا کر عالمی ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔ وہ ایونٹ پولینڈ میں منعقد ہوا تھا۔

پاکستان کی ٹیم اس مرتبہ بھی کامیابی کے لیے پرعزم ہے۔ قومی ٹیم عباس زیب، محمد عزیر، حارث قاسم، فرحان ہاشمی، اسداللہ خان اورعزیر شوکت پر مشتمل ہے۔

بھارت نے پہلے پاکستانی ٹیم کو ویزہ  دینے سے انکار کردیا تھا لیکن پھر پاکستان اسکواش فیڈریشن کے احتجاج بعد قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کو ویزے جاری کیے گئے ۔


متعلقہ خبریں