اڈیالہ جیل میں شریف فیملی کی آج پہلی جمعرات، پہلی ملاقاتیں

شریف خاندان کا ٹرائل کھلی کچہری میں ہوگا | urduhumnews.wpengine.com

راولپنڈی: ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا پانے والے سابق وزیر اعظم نواز شریف، ان کی صاحبزادی مریم  نواز اور داماد کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر اڈیالہ جیل آمد کے بعد جمعرات کے روز  پہلی بار اپنے عزیز و اقارب ، پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں سے جیل قواعد کے مطابق ملاقات کریں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اڈیالہ جیل میں نیب کے قیدیوں کی ملاقات کے لیے عام طور  پر جمعہ کا دن مخصوص ہے لیکن شریف  فیملی کے لیے احتساب عدالت سے سزا یافتہ ہونے کے باوجود ملاقات کا دن جمعہ کے بجائے جمعرات مقرر کیا گیا ہے اور شریف فیملی جیل میں آج اپنی پہلی جمعرات کو پہلی ملاقاتیں کرے گی۔

ذرائع کے مطابق آج نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر سے جنید صفدر کے علاوہ  مہرالنسا اور ان کے شوہر راحیل منیر بھی ملاقات کریں گے، جنید صفدر اپنے نانا، والدہ  اور  والد سے ملاقات کے لیے خاص طور پر لندن سے پاکستان آئے ہیں۔

پاکستان مسلم لیگ کے مرکزی رہنماؤں آصف کرمانی، حنیف عباسی اور  ڈاکٹر طارق فضل چودھری کے علاوہ متعدد لیگی رہنماؤں کی ملاقات کے لیے اڈیالہ جیل آمد متوقع ہے۔

نواز شریف اور مریم نواز کو جمعہ 13 جولائی کی شب لندن سے آمد کے بعد لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے گرفتار کرکے پہلے اسلام آباد اور  پھر  اڈیالہ جیل لایا گیا تھا، جیل میں آمد کے بعد صرف ان کی والدہ بیگم شمیم اختر، سابق وزیر اعلیٰ پنجاب اور مسلم لیگ نون کے صدر شہباز شریف اور سابق رکن قومی اسمبلی حمزہ شہباز کی ان سے ملاقات کرائی گئی ہے۔

گزشتہ پانچ دنوں میں جاوید ہاشمی، ڈاکٹر طارق فضل چوہدری اور مریم اورنگزیب سمیت کئی لیگی رہنما جیل پہنچے لیکن نواز شریف سے ملاقات نہیں ہوسکی، نون لیگی خواتین کی متعدد بسیں بھی اڈیالہ جیل پہنچیں، انہوں نے جیل کے گیٹ نمبر پانچ کے سامنے شدید نعرے بازی کی لیکن جیل حکام نے انہیں نواز شریف سے ملنے نہیں دیا۔

ذرائع نے امکان ظاہر کیا ہے کہ سیکیورٹی خدشات کی وجہ سے مریم نواز کو تنہا یا ان کے والد نواز شریف کے ہمراہ جمعہ کے روز اڈیالہ جیل سے سہالہ ریسٹ ہاؤس منتقل کیا جاسکتا ہے۔


متعلقہ خبریں