لاہور ہائیکورٹ: نواز ، مریم کی سزا کے خلاف لارجر بینچ کی سفارش


لاہور: لاہور ہائیکورٹ نے ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا یافتہ سابق وزیراعظم  نواز شریف، ان کی صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن ریٹائرڈ  محمد صفدر کی سزا کے خلاف درخواست پر لارجر بینچ تشکیل دینے کی سفارش کر دی  ہے۔

لائرز فاؤنڈیشن  فار جسٹس کی جانب سے قانون دان اے کے ڈوگر نے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی ہے جس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ قومی احتساب بیورو (نیب) کا قانون 18 ویں ترمیم کے بعد ختم ہو چکا ہے اس لیے عدالت نواز شریف اور دیگر کو نیب کے مردہ قانون کے تحت دی گئی سزا کالعدم قرار دے۔

درخواست میں مزید استدعا کی گئی ہے کہ ملک کے تین بار وزیراعظم رہنے والے شخص کو ایک ایسے قانون کے تحت سزا دی گئی جو ختم ہو چکا ہے اس لیے سزا کو غیرقانونی قرار دے کر ختم  کیا جائے، اے کے ڈوگر نے استدعا کی کہ یہ اہم نوعیت کا معاملہ ہے، عدالت اس پر فل بینچ  تشکیل دے۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی اکبر قریشی نے دلائل سننے کے بعد لارجر بینچ تشکیل دینے کی سفارش کرتے ہوئے فائل چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کو بھجوا دی ہے۔


متعلقہ خبریں