بھارتی جاسوس یادیو کیس پر پوزیشن مضبوط ہے، پاکستان

افغان سفیر کی طلبی: داعش لیڈر کی حوالگی کا مطالبہ

اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا ہے کہ پاکستان کی بھارتی جاسوس کمانڈر کلبھوشن یادیو کے کیس پر پوزیشن نہایت مضبوط ہے، ہمارے پاس کلبھوشن یادیو  کے پاکستان میں تخریبی سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے ناقابل تردید ثبوت موجود ہیں۔

اسلام آباد میں ہفتہ وار بریفنگ میں ترجمان دفتر خارجہ  نے بتایا کہ بھارت گزشتہ برس خود یادیو کا کیس عالمی عدالت انصاف  لے کر گیا لیکن ابھی تک یادیو کی ریٹائرمنٹ  کی  دستاویزات فراہم نہیں کر سکا، بھارت آج تک یہ بھی نہیں بتا سکا کہ کلبھوشن کا پاسپورٹ اصلی ہے یا جعلی حالانکہ  کلبھوشن  اس پاسپورٹ پر 17 مرتبہ بھارت کا سفر کر چکا ہے۔

ڈاکٹر فیصل کا کہنا تھا کہ پاکستان تمام ہمسایہ ملکوں کے ساتھ بہتر تعلقات کا خواہاں ہے، گلگت بلتستان پاکستان کا حصہ ہے، ترکی اور پاکستان کے درمیان ڈیل  سے دفتر خارجہ کا کوئی تعلق نہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی خارجہ پالیسی میں مسئلہ کشمیر اولین ترجیح  ہے، مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کا سلسلہ جاری ہے اور گزشتہ ہفتے 23  بے گناہ کشمیریوں کو شہید کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیری  صحافی عاقب جاوید کی بھارتی نیشنل انوسٹی گیشن ایجنسی (این آئی اے) میں طلبی کی مذمت کرتے ہیں، انسانی حقوق کمیشن کی رپورٹ نے بھارت کو بے نقاب کر دیا ہے، عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے۔

ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ انتخابات وقت پر ہوں گے، پاکستان میں جمہوری انتخابی عمل جاری رہے گا، بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں امیدواروں پر حملوں سے قوم  اداس  ہے لیکن  پاکستان ان حملوں سے خوفزدہ ہونے والا نہیں، ہم تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرنے والے ملکوں کے مشکور ہیں،

ترجمان دفتر خارجہ  نے کہا کہ علما کانفرنس میں دہشت گردی کو حرام  قرار دیا گیا ہے۔


متعلقہ خبریں