عدالت نے نون لیگی کارکنوں کو ہراساں نہ کرنے کا حکم دے دیا

lahore high court

لاہور: لاہور ہائیکورٹ نے پولیس کو مسلم لیگ نون کے رہنماؤں اور کارکنوں کو ہراساں کرنے سے روک دیا ہے۔

عدالت عالیہ میں نون لیگی رہنماؤں کے خلاف درج مقدمات کی نقول فراہم نہ کرنے اور انہیں مبینہ طور پر ہراساں کرنے سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی، درخواست گزار پرویز ملک کے وکیل  نصیر بھٹہ نے موقف اختیار کیا کہ مسلم لیگ نون کے قائد نوازشریف کے استقبال کے لیے ریلی نکالی گئی تھی، پولیس نے لیگی رہنماؤں کے خلاف دہشتگردی کی دفعات کے تحت مقدمات درج کیے اور اب انہیں ہراساں کیا جا رہا ہے۔

اپنی درخواست میں انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ کے رہنماؤں اور کارکنوں کے خلاف درج ایف آئی آر کی نقول فراہم نہیں کی جا رہیں۔

عدالت نے جمعہ کو انسپکٹر جنرل پولیس (آئی جی) پنجاب اور سیکرٹری داخلہ پنجاب سے جواب طلب کر لیا ہے، ہائیکورٹ نے مقدمات کی تفصیل طلب کرتے ہوئے پولیس کو حکم دیا ہے کہ نون لیگ کے رہنماؤں اور کارکنوں کو ہراساں نہ کیا جائے۔

مسلم لیگ نون کی قیادت اور کارکنوں کے خلاف مقدمات 13 جولائی کو نواز شریف اور مریم نواز کے لیے بغیر اجازت استقبالیہ ریلی نکالنے پر درج کیے گئے تھے۔


متعلقہ خبریں