انتخابی نتائج کی بروقت ترسیل کا پہلا تجربہ ناکام


اسلام آباد: انتخابات میں نتائج کی بروقت ترسیل کے لیے رزلٹ ٹرانسمیشن سسٹم (آر ٹی ایس)  کا پہلا تجرباتی استعمال ناکام ہو گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق 16 جولائی کو ہونے والے آر ٹی ایس کے تجربے کے دوران پولنگ عملے کو کئی مسائل کا سامنا کرنا پڑا، ریٹرننگ افسر بھی اسے درست طور پر استعمال نہیں کر پائے، پہلے تجربے میں  نتائج بھیجنے میں کافی تاخیر ہوئی۔

تجربے میں ناکامی کی وجہ سے آر ٹی ایس سے نتائج کی بروقت فراہمی پر کئی سوال اٹھ  گئے ہیں، الیکشن کمیشن دوسرا تجرباتی استعمال 21 جولائی صبح دس سے دن چار بجے کے درمیان  کرے گا، اس حوالے سے تمام صوبائی الیکشن کمشنرز کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔

آر ٹی ایس کے تحت ہر حلقے کا پریذائیڈنگ آفیسر موبائل پر آر ٹی ایس ایپلیکیشن انسٹال کرکے اپنے شناختی کارڈ نمبر اور جاری کردہ پن کے ذریعے لاگ ان کرے گا اور فارم 45 (نتائج فارم)  کی تصویر بنا کر الیکشن کمیشن کو بھیج دے گا۔

سوشل میڈیا پر پوسٹل بیلٹ پیپرز کے نتائج کے حوالے سے چلنے والی افواہوں کو جعلی قرار دیتے ہوئے الیکشن کمیشن کے ترجمان نے وضاحتی بیان میں کہا ہے کہ یہ تمام نتائج بے بنیاد اور مفروضوں پر مبنی ہیں۔


متعلقہ خبریں