فوج کا انتخابات سے کوئی تعلق نہیں، ڈی جی آئی ایس پی آر


اسلام آباد: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور کا کہنا ہے کہ فوج کا انتخابات سے کوئی تعلق نہیں، ہم امن وامان کی بہتری اور سیکیورٹی کے لیے الیکشن کمیشن کے ساتھ مل کر کام  کر رہے ہیں۔

پارلیمنٹ ہاؤس میں سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کے اجلاس کو بریفنگ میں ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ اس ہاؤس میں بات کرنا میرے لیے اعزاز کی بات ہے،  پاک فوج ہمیشہ سول اداروں کی مدد اور ان سے تعاون کرتی  رہی ہے، اب بھی الیکشن کے لیے امن وامان کی صورت حال بہتر بنائی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ فوج  بیلٹ پیپرز کی طباعت کی حفاظت کی غرض سے پرنٹنگ پریسز پر تعینات ہے، مجموعی طور پر تین لاکھ 71  ہزار فوجی جوان پولنگ اسٹیشنز پر تعینات ہوں گے، ہم  نے مختلف علاقوں میں خطرات کی نوعیت کا جائزہ لیا ہے اور اسی کو مدنظر رکھ  کر نفری تعینات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ بلوچستان میں چیلنجز زیادہ ہیں اس لیے وہاں جتنی فورس کی ضرورت ہے اتنی رکھی ہے۔


متعلقہ خبریں