قابل اعتراض اشتہاروں سے پیمرا کو آگاہ کر دیا، الیکشن کمیشن


اسلام آباد: سیکرٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب کا کہنا ہے کہ سیاسی جماعتوں کے اشتہارات میں قابل اعتراض مواد کے بارے میں پیمرا کو آگاہ  کر دیا گیا ہے۔

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کو بریفنگ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ الیکشن میں آٹھ  لاکھ سیکیورٹی اہلکار حفاظت پر مامور ہوں گے، ان میں سے چار لاکھ 50 ہزار پولیس اہلکار جبکہ ساڑھے تین لاکھ  فوجی ہوں گے، الیکشن کے روز فوج پریزائیڈنگ  افسر کے ماتحت ہو گی۔

انہوں نے بتایا کہ سات لاکھ افراد  کے ساتھ الیکشن کمیشن انتخابات میں اپنی خدمات انجام دے گا، الیکشن میں کام کرنے والے افراد کے لیے ضابطہ اخلاق تیار کر لیا ہے۔

سیکرٹری الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ الیکشن کے دوران دہشت گردی کا خطرہ موجود ہوتا ہے، پچھلے الیکشن میں ہمارے لوگوں پر حملے ہوئے تھے، انتخابات کے دوران عملے، امیدواروں اور پولنگ اسٹیشنز کا تحفظ بہت ضروری ہے۔

بابر یعقوب نے کمیٹی ارکان کو بتایا کہ اس وقت 20 ہزار کے قریب حساس پولنگ اسٹیشنز ہیں، صوبوں سے کہا گیا ہے کہ ان پولنگ اسٹیشنز پر سی سی ٹی وی کیمرے لگائے جائیں۔


متعلقہ خبریں