نازیبا زبان استعمال نہیں ہوئی، گدھا معمولی لفظ ہے، بابر اعوان

بابر اعوان

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور عمران خان کے وکیل  بابر اعوان کا کہنا ہے کہ گدھا تو معمولی لفظ ہے، یہاں تو طالبان خان اور اس سے بھی برے الفاظ استعمال  ہو رہے ہیں، نکاح،  شادی اور گھر والوں کے بارے میں ایسے ایسے لفظ استعمال ہوئے کہ بیان نہیں کیے جا سکتے۔

عمران خان کی جانب سے نازیبا الفاظ کے استعمال پر الیکشن کمیشن کے ازخود نوٹس کی سماعت کے بعد  میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی یہ نہیں کہتی کہ نوٹس نہ دیں لیکن عمران خان  نے غیر مناسب الفاظ استعمال نہیں کیے، گدھا تو نہایت معمولی لفظ ہے۔

بابر اعوان نے کہا کہ عدالت میں جا کر نواز شریف عجیب فرمائشیں کرتے ہیں، کبھی جیل کی مسجد میں جانے کی فرمائش کی جاتی ہے تو کبھی واک کرائی جاتی ہے،  جیل میں جو سہولتیں ان تینوں کو دی گئی ہیں وہ سب قیدیوں کو دی جائیں۔

ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ ہم حکومت بنائیں گے اور چلا کر بھی دکھائیں گے، عمران خان یہاں نہیں، اس لیے وکالت نامہ جمع نہیں کرایا، انہوں نے کہا کہ الیکشن سبوتاژ کرنے کی کوششیں  ناکام بنائیں گے، ان کا کہنا تھا کہ  اداروں کو ہمیشہ عزت دی ہے اور جب جہاں بلایا گیا، ہم پیش ہوئے۔

بابر اعوان نے کہا کہ پی ٹی آئی  میثاق جمہوریت  کو مسترد  کرتی ہے کیونکہ اس سے جمہوریت کو کوئی فائدہ نہیں ہوا۔


متعلقہ خبریں