مون سون بارشیں جاری، برکھا آج بھی برسے گی

ملک بھر میں بارشیں، جاں بحق افراد کی تعداد 46 ہو گئی

فوٹو: فائل


اسلام آباد: ملک کے مختلف حصوں میں مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری ہے اور محکمہ موسمیات نے جمعہ کے روز بھی اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور،گوجرانوالہ اور فیصل آباد میں تیز ہواوَں اور بارش کا امکان ظاہر کیا ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق ملتان، ساہیوال، ڈیرہ غازی خان، بہاول پوراور سرگودھا کے علاوہ پشاور، مردان، مالاکنڈ، ہزارہ، بنوں  اور ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی بارش متوقع  ہے۔

پنجاب اور خیبر پختونخوا کے علاوہ بلوچستان کے علاقوں ژوب، قلات اور سندھ میں میرپور خاص سمیت زیریں علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے، فاٹا،  کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی تیز ہواؤں کے ساتھ موسلا دھار بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب لاہور اور فیصل آباد کے علاوہ شورکوٹ، مری، چراٹ، دیر، کوہاٹ، مالم جبہ، پشاور، سیدو شریف اور بلوچستان کے علاقے بارکھان میں بارش ریکارڈ کی گئی۔

ایوب ریسرچ سینٹر کے مطابق فیصل آباد میں جمعہ کو علی الصبح  42.8 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی لیکن حبس کی وجہ سے گرمی کی شدت میں کمی واقع نہیں ہوئی۔

بارش کے باعث شہر کی مختلف شاہراہیں اور سڑکیں زیر آب آ گئیں اور جھنگ روڈ، اقبال اسٹیڈیم، عبدالله پور، دھوبی گھاٹ  گراؤنڈ، الفتح اسپورٹس کمپلیکس اور نشاط آباد سمیت کئی علاقوں میں پانی جمع ہو گیا، محکمہ موسمیات نے شہر میں آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران بھی بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق وادی کوئٹہ  اور گردونواح میں موسم گرم اور مرطوب ہے، آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بھی بلوچستان کے بیشتر اضلاع  میں موسم گرم  اور مرطوب رہنے کا امکان ہے تاہم ژوب اور قلات ڈویژن میں چند مقامات  پر بارش متوقع  ہے۔

جمعرات کے روز سب سے زیادہ بارش خیبر پختونخوا کے علاقے چراٹ میں 60 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی جبکہ فیصل آباد میں 42 ملی میٹر، لاہور میں 38 ملی میٹر، شور کوٹ 34 ملی میٹر، پشاور 32 ملی میٹر، سیدو شریف 21 ملی میٹر، مری 17 ملی میٹر، کوہاٹ، مالم جبہ 15 ملی میٹر، ہنزہ 14 ملی میٹر، رسالپور دس ملی میٹر، پارا چنار آٹھ ملی میٹر، نور پور تھل، ڈی جی خان، لیہ، منڈی بہاؤالدین اور بارکھان چار ملی میٹر اور راولاکوٹ میں تین ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

جمعرات کے روز سب سے زیادہ گرمی بلوچستان کے علاقے نوکنڈی میں پڑی جہاں درجہ حرارت 45.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ سب سے کم درجہ حرارت 23 ڈگری سینٹی گریڈ مالم جبہ میں ریکارڈ ہوا۔


متعلقہ خبریں