یمن: تارکین وطن کی کشتی ڈوب گئی، ہلاکتوں کا خدشہ

BOAT

صنعا: یمن کے صوبے شبوہ میں افریقی تارکین وطن کی کشتی ڈوب گئی ہے، کشتی میں 160 افراد سوار تھے جن میں بچے اور عورتیں بھی شامل ہیں۔

یمنی سیکیورٹی حکام اور قبائلی عمائدین کا کہنا ہے کہ جنوبی صوبے شبوہ میں افریقی تارکین وطن کی کشتی سمندر میں ڈوب گئی، حادثے کا شکار ہونے والی کشتی میں 160 تارکین وطن سوار تھے جن میں 100 صومالی اور 60 ایتھوپین شہری شامل ہیں۔

سیکیورٹی حکام نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط  پر میڈیا کو بتایا کہ حادثے کا شکار ہونے والی کشتی جمعرات کو صومالیہ کی بندرگاہ بوساسو سے روانہ ہوئی تھی اور یمن کی طرف آ رہی تھی، حادثے میں ممکنہ جانی نقصان کے بارے میں معلوم نہیں ہو سکا۔

یمن اس وقت شدید خانہ جنگی کا شکار ہے جس کی وجہ سے مرکزی حکومت اور اس کے ادارے کام نہیں کر رہے، اس لیے افریقی تارکین وطن یہاں پہنچنے کی کوششیں کرتے رہتے ہیں تاکہ غیرقانونی طور پر تیل کی دولت سے مالامال خلیجی ممالک میں  روزگار تلاش کر سکیں۔


متعلقہ خبریں