ملی مسلم لیگ رجسٹریشن، سماعت 11 ستمبر تک ملتوی


اسلام آباد: اسلام آباد ہائیکورٹ نے ملی مسلم لیگ رجسٹریشن کیس کی سماعت 11 ستمبر تک ملتوی کر دی ہے۔

ملی مسلم لیگ کی جانب سے راجہ رضوان ایڈووکیٹ  پیش  ہوئے، سماعت کے دوران ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن ہائیکورٹ کے حکم کے باوجود پارٹی رجسٹر نہیں کر رہا اور اس معاملے میں ٹال مٹول سے کام لے رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے کیس میں الیکشن کمیشن نے قانون کے علاوہ ہر چیز کو مد نظر رکھا ہے، ابھی تک بچہ پیدا نہیں ہوا اور الیکشن کمیشن نے پہلے سے اندازہ لگا لیا ہے۔

کیس کی سماعت اسلام آباد ہائیکورٹ کے سنگل  بینچ نے کی، عدالت نے الیکشن کمیشن اور وفاق کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کیس کی سماعت 11 ستمبر تک ملتوی کر دی۔

اس سے قبل مارچ میں اسلام آباد ہائی کورٹ نے ملی مسلم لیگ کی رجسٹریشن کی درخواست مسترد کرنے کا الیکشن کمیشن کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے حکم  دیا تھا کہ الیکشن کمیشن ملی مسلم لیگ کی درخواست کا  از سر نو جائزہ لے۔

الیکشن کمیشن پاکستان نے 11 اکتوبر کو نئی سیاسی جماعت ملی مسلم لیگ کی رجسٹریشن کی درخواست مسترد کر دی تھی۔


متعلقہ خبریں