نواز شریف، مریم کی درخواستیں سماعت کے لیے منظور


اسلام آباد: ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا یافتہ سابق وزیراعظم نواز شریف، ان کی صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی سزا کی معطلی اور ان کی ضمانت کی درخواستیں اسلام آباد ہائیکورٹ نے باقاعدہ سماعت کے لیے منظور کر لی ہیں، اپیلوں پر موسم گرما کی تعطیلات کے بعد سماعت ہو گی۔

نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث نے سماعت کے دوران استدعا کی کہ ملزمان کو خلاف قانون سزا دی گئی ہے اس لیے نواز شریف کی اپیل کے فیصلے تک ضمانت منظور کر لی جائے، نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر ضمانتی مچلکے جمع کرانے پر تیار ہیں۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے کہا کہ وکیل صفائی کے دلائل کے ساتھ نیب کو بھی سنا جائے گا، اسلام آباد ہائیکورٹ نے قومی احتساب بیورو (نیب) کو نوٹس جاری کر دیا ہے کہ وہ اپیلوں کے والیوم  تیار کریں۔

جسٹس محسن اختر کیانی اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے سماعت کی منظوری کا فیصلہ تحریر کیا، فیصلے میں کہا گیا ہے کہ جولائی کے آخری ہفتے میں جو بھی بینچ دستیاب ہو، اپیلیں اس کے سامنے سماعت کے لیے مقرر کی جائیں۔

اس سے قبل نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر نے سزا کی معطلی اور ضمانت کے لیے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواستیں دائر کی تھیں۔


متعلقہ خبریں