چوتھا ایک روزہ میچ: پاکستان نے زمبابوے کو شکست دے دی

چوتھا ایک روزہ میچ: پاکستان نے زمبابوے کو شکست دے دی | urduhumnews.wpengine.com

بلاوائیو: پاکستان نے چوتھے ایک روزہ میچ میں میزبان زمبابوے کو 244 رنز سے شکست دے کر سیریز میں چار صفر کی برتری حاصل کر لی۔

جمعہ کو کھیلے گئے میچ میں زمبابوے کی ٹیم 400 رنز کے ہدف کا تعاقب کرنے میں ناکام رہی اور 155 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔

پاکستان کی جانب سے زمبابوے کے خلاف حاصل کی گئی کامیابی ایک روزہ کرکٹ میں دسویں بڑی جب کہ پاکستان کرکٹ کی تاریخ میں رنز کے اعتبار سے دوسری بڑی فتح ہے۔

پاکستان کی جانب سے شاداب خان نے زمبابوے کے چار کھلاڑیوں کو پویلین واپس بھیجا۔ عثمان خان اور فہیم اشرف نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

کوئنز اسپورٹس کلب میں کھیلے گئے میچ میں سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو گرین شرٹس نے مقررہ 50 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 399 رنز بنائے۔ افتتاحی بلے بازوں کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت قومی ٹیم نے پہلی وکٹ پر شراکت کا نیا عالمی ریکارڈ بنایا۔

فخر زمان اور امام الحق کے درمیان 304 رنز کی شراکت قائم ہوئی جس میں امام الحق کے 133 رنز شامل تھے۔ فخر زمان 155 گیندوں پر 210 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔

جمعہ کو کھیلے گئے میچ میں فخر زمان نے ایک روزہ کرکٹ کی ایک اننگ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے پاکستانی کھلاڑی کا اعزاز بھی حاصل کیا، انہوں نے سعید انور کا 194 رنز کا ریکارڈ توڑا۔

امام الحق کے آؤٹ ہونے کے بعد کریز پر آنے والے محمد آصف نے بھی شاندار بیٹنگ کا تسلسل برقرار رکھا اور50 رنز کی عمدہ اننگ کھیلی۔


متعلقہ خبریں