ملک کے بیشتر حصوں میں بارش، موسم خوشگوار

فوٹو: فائل


اسلام آباد: ملک بھر میں مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، اسلام آباد راولپنڈی میں بارش کی وجہ سے حبس اور گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔

ملک کے بیشتر حصوں میں بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، مختلف شہروں میں بارش کے باعث موسم خوشگوار ہوگیا۔ آئندہ 24 گھنٹوں میں اسلام آباد، راولپنڈی سمیت ملک کے دیگر حصوں میں گرچ چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد، راولپنڈی، مالاکنڈ، ہزارہ ڈویژن، مردان، کوہاٹ، بنوں، پشاور، گوجرانوالہ، فیصل آباد، لاہور، ڈیرہ اسماعیل خان، ژوب، قلات ڈویژن، فاٹا، کشمیر اور ملک کے دیگر بالائی علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرچ چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جب کہ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا۔

جمعہ کے روز مالاکنڈ، ہزارہ ڈویژن، پشاور، کوہاٹ، راولپنڈی، اسلام آباد، سرگودھا، فیصل آباد، ملتان، ساہیوال، کوئٹہ، قلات ڈویژن اور کشمیر کے چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرچ چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق سب سے زیادہ بارش خیبرپختونخوا کے علاقے چراٹ میں 71 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی جب کہ اوکاڑہ 63 ملی میٹر، لاہور 61 ملی میٹر، شورکوٹ 34 ملی میٹر، سرگودھا، پشاور 32 ملی میٹر، کوہاٹ 30 ملی میٹر، سیدو شریف 21 ملی میٹر، زیارت 20 ملی میٹر، مالم جبہ، رسالپور 17 ملی میٹر، اسلام آباد 13 ملی میٹر، جھنگ گیارہ ملی میٹر، خضدار دس ملی میٹر، راولاکوٹ چھ ملی میٹر اور بالاکوٹ تین ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔

جمعہ کو سب سے زیادہ گرمی نوکنڈی، دالبندین 46 ڈگری سینٹی گریڈ، دادو اور سکھر 44 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کی گئی۔


متعلقہ خبریں