دیامر بھاشا اور مہمند ڈیم فنڈ میں 27 کروڑ سے زائد رقم جمع

فوٹو: فائل


اسلام آباد: دیامیر بھاشا اور مہمند ڈیم کے اکاؤنٹ میں فنڈز آنے کا سلسلہ جاری ہے۔ ڈیمز کے اکاؤنٹ میں اب تک 27 کروڑ 67 لاکھ 49 ہزار چار سو 12 روپے جمع ہوچکے ہیں۔

چیف جسٹس پاکستان جسٹس ثاقب نثار کی جانب سے دیامیر اور بھاشا ڈیم کے لیے قائم کیے گئے اکاؤنٹ میں رقوم کے جمع ہونے کا سلسلہ جاری ہے اور نہ صرف پاکستانی بلکہ دیگر ملکوں کے ڈونرز بھی رقوم ڈیمز کے اکاؤنٹ میں جمع کرا رہے ہیں۔

جسٹس ثاقب نثار نے ڈیموں کی تعمیر کے لیے قائم کیے گئے فنڈ میں دس لاکھ روپے جمع کرائے جب کہ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی اور قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد خان آفریدی نے ڈیم کی تعمیر کے لیے 15، 15 لاکھ روپے عطیہ دینے کا اعلان کیا تھا۔

کوئٹہ کے نو سالہ علی شیر نے اپنی سائیکل اور کھلونوں کے لیے جمع کیے گئے دس ہزار روپے فنڈز میں جمع کر کے ملک گیر شہرت حاصل کر لی ہے، جب کہ میئر کراچی وسیم اختر سمیت کئی اہم شخصیات نے بھی ڈیمز کی تعمیر کے لیے لاکھوں روپے اکاؤنٹ میں جمع کرائے ہیں۔

اسٹیٹ بینک کے مطابق بھاشا اور مہمند ڈیمز کی تعمیر کے لیے پاکستانی عوام ملک بھر کی 16 ہزار بینک برانچوں میں اپنے عطیات جمع کرا سکتے ہیں۔

ڈیمز کی تعمیر کے لیے بینک ملازمین نے اور پاک فوج کے اہلکاروں نے ایک روز جب کہ پاک فوج کے افسروں  نے تین روز کی تنخواہ جمع کرانے کا اعلان کیا تھا۔

سپریم کورٹ نے واضح کیا ہے کہ اکاؤنٹ میں جمع ہونے والا فنڈ کسی اور جگہ استعمال نہیں ہوگا۔

عدالت عظمیٰ نے یہ یقین دہانی بھی کرائی ہے کہ  ڈیموں کے لیے دیے جانے والے فنڈ پرکوئی انکم ٹیکس عائد نہیں ہوگا اورنہ ہی کوئی ادارہ  سوال کرسکے گا۔

ڈیمز کی تعمیر کے لیے قائم کیے گئے فنڈز کا اکاؤنٹ چیف جسٹس کی ہدایت پر پانچ جولائی کو فعال کیا گیا تھا اور اکاؤنٹ میں چھ جولائی سے رقم جمع ہونا شروع ہو گئی تھی۔


متعلقہ خبریں