اہم فیصلوں پر میرے خلاف مہم چلتی ہے، جسٹس شوکت صدیقی


راولپنڈی: اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے کہا ہے کہ جب بھی کسی اہم کیس کا فیصلہ آتا ہے میرے خلاف ایک مہم شروع کر دی جاتی ہے۔

راولپنڈی بار سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں اپنے آپ کو احتساب کے لیے پیش کررہا ہوں، میرا سب سے بڑا احتساب بار ہی کر سکتی ہے اور بار سے کوئی بھی اٹھ کر یہ نہیں کہہ سکتا کہ میں نے کسی طرح کی کرپشن کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں نے اپنے ضمیر اور پوری ایمانداری کے ساتھ فیصلے کیے ہیں، میرا ٹرائل اوپن اور سب کے سامنے ہونا چاہیے جہاں میڈیا بھی موجود ہو، کسی کو شک ہے تو وہ میرے گھر آ کر دیکھ سکتا ہے۔

جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے کہا کہ اگر میرے خلاف لگائے گئے الزامات میں سے ایک بھی ثابت ہو گیا تو آپ مجھ  سے استعفے کا مطالبہ کر سکتے ہیں۔

اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بار ایسوسی ایشن کے صدر خرم مسعود کیانی نے کہا کہ جسٹس شوکت عزیز صدیقی کے فیصلے بولتے ہیں، ان کے فیصلے دلیرانہ اور منصفانہ ہوتے ہیں۔


متعلقہ خبریں